(کومل اسلم ) پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند اور سموگ کی شدت برقرار ہے، رات گئے موٹروے کے مختلف حصوں کو بند کر دیا گیا۔
لاہور، ساہیوال سمیت پنجاب کے مختلف علاقے آج بھی سموگ اور دھند کی لپیٹ میں ہیں، جس کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی کم ہو گیا ہے، حدنگاہ کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے جبکہ ٹریفک حادثات کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور میں ہوائیں رخ بدلیں گی، آج شہر میں ابر رحمت برسنے کا امکان ہے،ماہرین کے مطابق شہر میں 14سے 16 نومبر تک درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے،بارش سے سموگ میں واضح کمی ہو گی جبکہ فی الوقت سموگ کی شدت برقرار ہے۔
لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 708ریکارڈ کی گئی جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج بھی سرفہرست ہے، اس کے علاوہ لاہور کے علاقے فدا حسین روڈ 979،مراتب علی روڈ پر شرح 870ریکارڈ، جوہر ٹاؤن 764،غازی روڈ انٹرچینج پر آلودگی کی شرح 704ریکارڈ کیا گیا ۔
یہ بھی پڑھیں : چارسدہ: پولیس وین کے قریب خودکش دھماکا، تمام اہلکار محفوظ رہے
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹروے کو دھند اور سموگ کی وجہ سے بند کر دیا گیا۔ موٹروے ایم 2 کو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند اور اسموگ کی وجہ سے بند کیا گیا۔
موٹروے ایم 2 کو شیخوپورہ سے کوٹ مومن تک دھند اور اسموگ کی وجہ سے بند کیا گیا۔ جبکہ موٹروے ایم 3 کو لاہور سے درخانہ تک دھند اور اسموگ کی وجہ سے بند کیا گیا، موٹروے ایم 4 کو بھی دھند اور اسموگ کی وجہ سے پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کر دیا گیا۔
موٹروے ایم 2 کو اسلام آباد سے کوٹ مومن تک ٹریفک کے لیے بند کیا گیا، جبکہ لاہور کی جانب جانے والی ٹریفک کو بھی اسموگ اور دھند کی وجہ سے بند کیا گیا۔