(24 نیوز)حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،ملک بھر میں مکمل طور پر بجلی بحال نہ ہوسکی ،متعدد علاقے ابھی بھی اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں ،چھوٹے بڑے شہروں میں وقفے وقفے سے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
نیشنل گرڈ سے بلوچستان کے 20 اضلاع کو بجلی کی فراہمی 12 گھنٹے بند رہنے کے بعد جزوی طور پر تو بحال ہوگئی تاہم صوبے کے 8 اضلاع ابھی تک اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔بلوچستان کے 28اضلاع میں نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی صبح سوا 9 بجے منقطع ہوئی تھی، اوچ، سبی اور دادو خضدار ٹرانسمیشن لائنوں کی بحالی کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے کے 20 اضلاع میں 12 گھنٹے بعد بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی۔
اس کے باوجود صوبے کے دیگر 8 اضلاع میں رات گئے تک بجلی کی فراہمی بحال نہ ہوسکی، بجلی کی فراہمی منقطع ہونے سے شہریوں کو پانی کے حصول اور دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔بجلی کے طویل بریک ڈاون کی وجہ سے موبائل فون اور لینڈ فون سروس بھی متاثر ہوئی۔تمام تر صورتحال پر کیسکو حکام کا کہنا ہے لورالائی اور ڈیرہ غازی خان ٹرانسمیشن لائن بحال ہونے کے بعد صورتحال نارمل ہوسکے گی۔
ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی جبری لوڈشیڈنگ
لاہور میں 1100 میگاواٹ کے شارٹ فال کے باعث ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی جبری لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا، جنوبی پنجاب، بلوچستان،سندھ کے اکثر علاقوں میں 12 گھنٹے بعد سپلائی بحال ہو گئی۔پاور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق ترسیل کا نظام مکمل بحال ہو گیا، متبادل پیداواری یونٹس سے رسد میں اضافہ کیا جارہا ہے، جلد صورتحال معمول پر آجائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز این ٹی ڈی سی کے سسٹم میں بجلی کے بریک ڈاون کے معاملے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کردی گئی تھی۔ بجلی بریک ڈاون کیسے ہوا؟ معاملے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کردی گئی، کمیٹی کے سربراہ جی ایم ٹیکنیکل ہونگے۔
کمیٹی میں جی ایم نارتھ، چیف انجینئر، ایس جی نارتھ، اور چیف انجنیئر آپریشن شامل ہیں۔کمیٹی معاملے کی انکوائری کرکے چار دن میں رپورٹ جمع کرائے گی۔ذرائع کے مطابق نیشنل گرڈ میں خرابی کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند ہوئی جب کہ سندھ میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔
بجلی کی ترسیل کا نظام پورے ملک میں مکمل بحال؟
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزرات توانائی اور پیداوار کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بجلی کی ترسیل کا نظام پورے ملک میں مکمل بحال کر دیا گیا ہے۔ آج صبح کراچی کے جنوب میں پانچ سو کے-وی دو لائنوں میں آنے والے خلل کو دور کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ملک کے میں بجلی بحال ہوگئی۔پاور ڈویژن کے مطابق متبادل کارخانوں سے بجلی کی رسد بڑھائی جا رہی ہے جو کہ جمعتہ المبارک کی صبح تک معمول پر آجائے گی۔
قبل ازیں وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا تھا کہ مرحلہ وار تمام شہروں اور اضلاع کو بحال کیا جا رہا ہے امید ہے مغرب تک ملک بھر میں بجلی کی فراہمی مکمل بحال ہوجائے گی۔ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن پر کہا تھا کہ ملتان کو بجلی کی فراہمی بحالی کردی گئی ہے، 8 میں سے 5 ہزار میگاواٹ بجلی بحال کی جاچکی ہے، کراچی کو نیشنل گرڈ سے دیا جانے والا 1 ہزار میگاواٹ منقطع ہوا تھا، مغرب تک سسٹم کو مکمل طور پر بحال کردیں گے۔