مولا جٹ کے ہدایتکارنے فلم دیکھنے سے قبل شائقین کو وارننگ کیوں دی؟اہم وجہ سامنے آ گئی

Oct 14, 2022 | 11:28:AM

(ویب ڈیسک )فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ہدایتکار بلال لاشاری نے فلم کی ریلیز سے قبل فلمی شائقین کو اہم وارننگ دے دی۔ڈائریکٹر بلال لاشاری نے 2020ء میں شائقین کو خبردار کیا تھا کہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کمزور دل افراد یا بچوں کے لیے نہیں ہے۔

 تفصیلات کے مطابق  بلال لاشاری کا کہنا تھا کہ ’ہوسکتا ہے کہ فلم کے کچھ مناظر کی نوعیت کی وجہ سے والدین کو یہ فلم اپنے بچوں کے لیے موزوں نہ لگے اس لیے میں بچوں کو سینما میں لانے سے سختی سے منع کروں گا کیونکہ اس طرح کا صریح تشدد کمزور دل افراد اور چھوٹے بچوں کے لیے بالکل نہیں ہے‘۔بلال لاشاری کی جانب سے یہ وارننگ اس وقت سامنے آئی جب فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘کے بارے میں یہ توقع کی جانے لگی کہ یہ فلم پاکستان کی تاریخ کی سب سے اہم ایکشن فلم ہوگی جس میں ایکشن سے بھرپور لڑائی کے مناظر انسانی خون سے بھرے ہوئے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’یہ فلم ثقافتی اور لسانی تقسیم سے بالاتر ہے، یہ مواد نئی نسل کے لیے بہت زبردست ہو گا جو کہ آنے والے وقتوں میں افسانوی کرداروں، مولا اور نوری کی لافانیت کو بڑھا دے گا‘۔

بلال لاشاری نے فلم کا اسکرپٹ تجربہ کار اسکرین رائٹر ناصر ادیب کے ساتھ مل کر لکھا ہے، جنہوں نے 1979ء کی اصل فلم مولا جٹ لکھی تھی۔ 

مزیدخبریں