(24نیوز)بھارت میں انسانی اعضا کی خرید و فروخت میں ملوث ڈاکٹروں نے آنکھوں کے مرض میں مبتلا شخص کی آنکھ نکال کر اس کی جگہ کنچہ لگادیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مریض کی آنکھ نکال کر شیشے کی گولی لگانے کا معاملہ جھاڑکھنڈ میں پیش آیا جہاں ایک شخص آنکھوں میں جلن اور خارش کے باعث اسپتال پہنچا تاکہ علاج کروا سکے لیکن ڈاکٹر نے اسے آپریشن تجویز کردیا۔آپریشن کے دوران ڈاکٹروں نے مریض کی آنکھیں نکال لیں اور اس کی جگہ کنچہ فٹ کردیا، جس کے باعث مریض کی بینائی مکمل طور پر چلی گئی۔گنگا دھر نامی متاثرہ شخص نے بتایا گھر پہنچنے کے کچھ روز بعد آنکھوں کو رگڑا تو ایک آنکھ سے کنچہ نکل کر زمین پر گرا ، تب انکشاف ہوا میری بینائی کیسے گئی؟ کیوں کہ ڈاکٹر نے میری آنکھ نکال کنچہ فٹ کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 62 مریض رپورٹ
پولیس نے متاثرہ شخص اور اہل خانہ کی شکایت پر واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں انسانی اعضاء کی خرید و فروخت وسیع پیمانے پر کی جاتی ہے اور دیگر ممالک میں ان کی اسمگلنگ بھی کی جاتی ہے البتہ یہ غیرقانونی عمل ہے جس کے خلاف بھارتی پولیس متعدد کارروائی بھی کرچکی ہے۔