برطانوی اخبار میں ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پر تبصرہ شائع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )انسائیکلومیڈیا اور لاشاری فلمز کے بینر تلے تخلیق کی گئی ایکشن سے بھرپور فلم ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ کی بین الاقوامی میڈیا پر بھی خوب تعریفیں کی جارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار’دی گارڈین‘ میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل میں ایکشن سے بھرپور پاکستانی فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے اس فلم کو 2000ء میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم ’گلیڈی ایٹر‘ اور مشہور ویب سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کا ملاپ قرار دیا گیا ہے۔
اس تبصرے میں فلم کے انسانی خون سے بھرپور ایکشن کے مناظر کی تعریف کرتے ہوئےلکھا ہے کہ تصّور کریں کہ اگر ’گلیڈی ایٹر‘ اور ’گیم آف تھرونز‘ کو آپس میں ملوا دیا جائے تو کچھ اسی طرح کے پرانے طرز کے قتل و غارت سے بھرپور مناظر پر مبنی شاندار ایکشن فلم سامنے آئے گی۔
واضح رہے کہ فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی کہانی ’مولا جٹ‘ نامی ایک ایسے نوجوان کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جسے قبیلے کے مخالفین کے ہاتھوں والدین کے قتل کے بعد ایک پسماندہ گاؤں میں منتقل کردیا گیا تھا۔
فلم کے ٹریلر کے آغاز میں مولا جٹ کے بچپن کے کچھ دردناک مناظر سے ہوتا ہے اور اس کے بعد شائقین کی ملاقات نوجوان ’مولا جٹ‘ سے ہوتی ہے جوکہ خطرناک لڑائیوں میں حصّہ لے کر اپنے لیے روزی کماتے اور آس پڑوس کے دیہاتوں کے غریب لوگوں کو مارتے پیٹتے نظر آتا ہے۔
جیسے ہی اس کے والدین کے قتل کا راز اس پر افشاں ہوتا ہے تو وہ سب چھوڑ کر اپنے والدین کے قتل کے ذمہ دار مخالف قبیلے سے اپنے والدین کے قتل کا بدلا لینے کی راہ پر گامزن ہوجاتا ہے۔
یاد رہے کہ ایکشن سے بھرپور پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘جس کا مداحوں کو انتہائی بے صبری سے انتظار تھا، باکس آفس پر غیر معمولی کمائی کر رہی ہے۔ فلم نے ریلیز کے بعد پہلے ہی دن ڈومیسٹک باکس آفس پر 4.4 کروڑ روپے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر 4.9 کروڑ روپے کا ریکارڈ توڑ بزنس کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 420 سے زائد غیر ملکی اسکرینز پر ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم ہے۔ اس کے علاوہ یہ سعودی عرب میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم بھی ہے۔
بلال لاشاری کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کو تقریباً 30 سے زائد ممالک میں ایک ساتھ ریلیز کیا گیا ہے۔