ارمینا خان نے اسرائیل کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا

Oct 14, 2023 | 09:46:AM

(ویب ڈیسک) برطانیہ میں مقیم پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ارمینا خان نے  اسرائیل کا اصلی چہرہ بے نقاب کردیا۔

اسرائیل کی فلسطین پر بربریت اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانے میں اداکارہ ارمینا خان کا نام بھی پیش پیش ہے جو فلسطینی بھائیوں کے حق میں نعرہ بلند کرتی نظر آتی ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ نے ایک پریشان کن ویڈیو شیئر کی جس میں اُنہوں نے اسرائیلیوں کے اصل چہرے اور محصور فلسطینیوں کے ساتھ ان کے افسوسناک رویے پر روشنی ڈالی ہے۔ ویڈیو میں ایک اسرائیلی شخص فلسطین پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اپنی آرام دہ زندگی دکھاتے اور فلسطینی بھائیوں کا مزاق اُڑاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

 کلپ میں اسرائیلی شخص بہتے ہوئے پانی، بجلی اور خوراک کی کثرت سے لطف اندوز ہو کر فلسطینیوں کے مصائب کا مذاق اڑاتے ہوئے نظر آرہا ہے جوکہ غزہ کی خوفناک تصویروں کے بالکل برعکس ہے، جن میں معصوم خواتین اور بچوں کی بھوک سے موت بھی شامل ہے۔

کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ’مجھے یقین تھا کہ جنگیں قوموں کا حقیقی چہرہ ظاہر کرتی ہیں،اگر آپ کو کبھی شک تھا، تو اس سے یہ سب صاف ہو جانا چاہیے۔ یہ آدمی بھوک سے مرنے اور زخمیوں کو طعنے دے رہا ہے۔ فلسطینی بچے اس وقت خوراک، پانی اور بجلی سے محروم ہیں۔’

دوسری جانب اداکارہ ارمینا خان نے فلسطین پر اسرائیلی کی بربریت، خون ریزی پر حکمرانوں کی جانب سے خاموشی پر سوال اٹھا دیئے ۔

اداکارہ ارمینہ خان نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جو انسانیت کیلئے نہیں ہے وہ کسی کے لیے نہیں ہے،اسی لیے اپنے رول ماڈلز اور لیڈروں کا صحیح طریقے سے انتخاب کریں۔

ساتھ ہی پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 سے 4 دنوں میں بہت سے لوگوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ خود غرض ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نمائندوں نے ہمیں بہت مایوس کیا ہے اس لیے اب ہمیں خود اپنے طور پر حق کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا ۔

دلخراش ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ارمینا خان نے لکھا کہ مجھے لگتا ہے کہ میرے آنسو اب خشک ہوچکے ہیں، مجھے یاد نہیں کہ کبھی میں اتنا روئی ہوں، یہ ننھا فرشتہ جو گناہوں سے بالکل پاک ہے شہید ہوگیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو شیئر کرنے کا مقصد صرف یہی ہے کہ دنیا جھوٹ اور جھوٹی داستانوں کو دیکھ سکے اور آپ خود فیصلہ کر سکیں کہ مظلوم کون ہے اور ظالم کون ہے۔’ ان کا مزید کہنا تھا کہ بالآخر، جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا، صرف اور صرف خون، آنسو اور نقصان ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: فلسطینی صحافی دوران ریکارڈنگ اسرائیلی بمباری سے شہید

خیال  رہے کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اسرائیلی شخص نے اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ غیر فعال کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل فلسطین تنازعہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے، جس سے سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں، عالمی برادری نے پوری دنیا سے فلسطین کی حمایت کا مشاہدہ کیا ہے۔

مزیدخبریں