ریکارڈز بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں: حسن علی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(افضل بلال) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ ورلڈ ریکارڈز بنتے ہی ٹوٹنے کیلئے ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 اور ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پیس اٹیک بولر حسن علی نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہالینڈ اور سری لنکا کے خلاف جیت نے ٹیم کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ کیا، سری لنکا کے خلاف ریکارڈ ہدف عبور کرنے جیسی کوششوں سے یقینا ٹیم کا مورال بلند ہوا، ہالینڈ اور سری لنکا کے خلاف انفرادی اور اجتماعی کارکردگی شاندار تھی اورجب آپ کسی بھی ٹورنامنٹ کا آغاز دو متواتر کامیابیوں سے کرتے ہیں تو ظاہر ہے اس سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ آج ہو گا
حسن علی نے مزید کہا کہ اندازہ تھا کہ اس میچ کی وکٹ سیدھی ہو گی اور ہائی سکورنگ میچ ہوگا، جب دوسرے سپیل میں بولنگ کے لیے آیا تو فیلڈ پلیسنگ کے لحاظ سے بولنگ کی اور مختلف ویری ایشن کا استعمال کیا، 6 ،7 سال انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ آپ کے کام آتا ہے جسے آپ استعمال میں لاتے ہیں، سینئر کرکٹر ہونے کی وجہ سے آپ پر ورلڈ کپ میں اضافی دباؤ ہوتا ہے،گراؤنڈ میں داخل ہوتے وقت تھوڑے نروس ہوتے ہیں لیکن تجربہ کار کھلاڑی ہونے کی وجہ سے یہ زیادہ دیر نہیں رہتا اور ہم سچویشن کے ہم آہنگ ہوجاتے ہیں۔
پاک بھارت ٹاکرے سے متعلق حسن علی نے کہا کہ پاکستان انڈیا کرکٹ میچز دنیا بھر کے کھیلوں میں سب سے بڑے حریف کے طور پر جانے جاتے ہیں، ٹیم اس میچ کے لئے بہت زیادہ پرجوش ہے، میں خود بھی بہت پرجوش ہوں کہ ایک ایسے سٹیڈیم میں میچ کھیلیں گے جہاں ایک لاکھ سے زیادہ تماشائی آتے ہیں۔
ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارت کو ایک بار بھی نہ ہرانے سے متعلق حسن علی نے کہا کہ ریکارڈز بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں اور ہم بھی اس جمود کو توڑنا چاہتے ہیں، اس میچ میں بھارتی ٹیم پر دباؤ ہوگا جو اپنے ہوم گراؤنڈ پر اپنے تماشائیوں کے سامنے کھیل رہی ہو گی، بڑے میچ کا پریشر ہمیشہ ہوتا ہے لیکن ہم کوشش کریں گے کہ جلد مومینٹم حاصل کرکے یہ میچ اپنے نام کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ، بھارتی محکمہ موسمیات کی پاک بھارت میچ میں بارش کی پیشگوئی
واضح رہے کہ حسن علی ورلڈ کپ میں اب تک 2 میچز میں17.33 کی اوسط سے 6 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جن میں سری لنکا کے خلاف ریکارڈ بریکنگ میچ میں 10 اوورز کے سپیل میں 71رنز کے عوض 4وکٹوں کی شاندار کارکردگی شامل ہے، حسن علی نے پہلے ہی اوور میں سری لنکن اوپنر پریرا کو آؤٹ کیا اور پھر مڈل اوورز میں کوشال مینڈس اور اسالنکا کو لگاتار اوورز میں آؤٹ کیا جس کے بعد سدیرا سمارا وکرما کو ڈیتھ اوورز میں پویلین واپس بھیجا۔