شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس،چینی وزیراعظم وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے

Oct 14, 2024 | 10:14:AM

Read more!

(24نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کیلئے  چینی وزیراعظم لی چیانگ پاکستان پہنچ گئے۔ 

 چینی وزیر اعظم لی کیانگ آج تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئےہیں،11 سال میں کسی بھی چینی وزیر اعظم کا پہلا دورہ ہے، جس کا مقصد بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور چینی صدر ژی کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دو طرفہ تعاون کو نئی تحریک دینا ہے۔

چینی وزیراعظم لی کی چیانگ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت اور دورہ پاکستان پر اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے جہاں بچوں نے انہیں گلدستہ پیش کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف، وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے چینی وزیراعظم کا نور خان ائیر بیس پر استقبال کیا۔ 

چینی وزیراعظم کو پاکستان آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

چینی وزیراعظم کی آج صدر زرداری سے ملاقات متوقع ہے اور وہ دیگر اعلیٰ شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے جب کہ معزز مہمان گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی کریں گے۔

واضح رہے شنگھائی تعاون تنظیم کا دورہ روزہ اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے جارہا ہے جس میں مختلف ممالک کے وزرائے اعظم سمیت اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ 

پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق چینی وزیر اعظم لی کیانگ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، چینی وزیر اعظم 17 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے جن کے ہمراہ تجارت، خارجہ، قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے وزرا بھی ہوں گے۔

 وفد میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ایجنسی اور دیگر سینیئر حکام شامل ہوں گے،لی کیانگ اور شہباز شریف کے درمیان وفود کی سطح پر سی پیک، معاشی تعاون اور دوطرفہ تجارت پر بات ہوگی۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

چین کے وزیراعظم صدر مملکت آصف علی زرداری، پارلیمانی لیڈروں اور سینیئر عسکری قیادت سے بھی ملیں گے، لی کیانگ شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

حکام کے مطابق دورے کا ایجنڈا وسیع ہے جس میں تعاون کو وسعت دینے اور سی پیک کے اگلے مرحلے کو شروع کرنے پر توجہ دی جائے گی، پاور سیکٹر کے قرضوں کا دوبارہ جائزہ بھی پاکستانی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران کسی بڑی پیشرفت کا امکان نہیں، سی پیک اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی ایجنڈے میں سرفہرست رہے گی، کراچی میں ہونے والی حالیہ دہشتگردی کے پیش نظر چین مشترکہ سکیورٹی کمپنی کی تجویز دے سکتا ہے۔

ایس سی او کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت، چین، روس، ایران، تاجکستان اور کرغزستان کے وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

اسلام آباد شہر میں پاک فوج کے دستے تعینات کر دیئے گئے جبکہ میٹرو بس سروس آج 14 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی۔

مزیدخبریں