تعلقات عمدہ مثال،پاکستان کی مہمان نوازی نے متاثر کیا: چینی وزیرِ اعظم
جیسے ہی میں جہاز سے اترا، مجھے گرم جوشی سے خوش آمدید کہا گیا، پاکستان ایک اہم ترقی پزیر، ابھرتی ہوئی منڈی اور بڑا مسلم ملک ہے، چین کا ہر موسم کا اسٹریٹجک تعاون کرنے والا ساتھی اور آہنی دوست ہے: لی چیانگ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)عوامی جمہوریہ چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی نے متاثر کیا،جیسے ہی میں جہاز سے اترا، مجھے گرم جوشی سے خوش آمدید کہا گیا۔
اپنے پیغام میں چینی وزیرِ اعظم نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے اور شنگھائی تعاون تنظیم سربراہانِ حکومت کی 23 ویں میٹنگ میں شرکت کرنے پر بہت خوشی ہے۔
چینی وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک اہم ترقی پزیر، ابھرتی ہوئی منڈی اور بڑا مسلم ملک ہے، چین کا ہر موسم کا اسٹریٹجک تعاون کرنے والا ساتھی اور آہنی دوست ہے۔
لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان کو چینی عوام بہت پسند کرتے ہیں اور سراہتے ہیں، 73 سال میں دونوں ممالک نے مستقل اعتماد قائم رکھا اور ایک دوسرے کی حمایت کی، چین پاکستان تعلقات دو طرفہ ریاستی تعلقات کی ایک عمدہ مثال بن گئے ہیں، جون میں صدر شی جن پنگ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چین میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کیلئے منصوبہ بندی کی۔
چین کے وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ دونوں رہنماؤں نے تعاون مزید مضبوط کرنے کیلئے اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کی، چین جامع اور اعلیٰ معیار کی ترقی کے ذریعے جدت کے عمل کو آگے بڑھا رہا ہے، پاکستان بھی اپنی اصلاحات اور ترقیاتی کاوشوں کے لیے پُرعزم ہے، اس دورے کے ذریعے میں دونوں ممالک کے درمیان وسیع اور گہرے تبادلوں کا منتظر ہوں۔