(طیب سیف،قیصر کھوکھر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کا ڈی چوک میں احتجاج کے معاملے کے پیش نظر حکومتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس اینٹی رائٹس فورس پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر پہنچ گئی ،وفاقی پولیس کی جانب سے بھی ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں تمام اعلی افسران نے شرکت کی ، پنجاب پولیس کے افسران بھی اسلام آباد پہنچ گئے،ایف سی کی مزید نفری رات 2بجے تک اسلام آباد پہنچ جائے گی ۔
ذرائع کے مطابق رکاوٹیں قائم کرنے کی حکمت عملی پر بھی غور جاری ہے ،انتظامیہ کی جانب سے ترنول، آئی نائن اور سبزی منڈی کی حدود میں کنٹینرز ڈمپ کرنا شروع کر دئیے گئے،وزارت داخلہ چیف کمشنر اور آئی جی اسلام باد کو مراسلہ بھی جاری کر چکی ہے،پولیس کی ریزرو فورس کو داخلی راستوں پر تعینات کیا جائے گا،رات گئے رکاوٹیں قائم کرنے کے حوالے سے فیصلہ کر لیا جائیگا۔
دوسری جانب راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے،وفاقی وزارت داخلہ نے حکومت پنجاب کی درخواست پر راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز تعینات کر دی،راولپنڈی اور اٹک میں پاکستان رینجرز کے 2، 2 ونگز تعینات ہوں گے،پاکستان رینجرز کے دستے امن و امان کے قیام میں سول حکومت کی معاونت کریں گے۔