(مانیٹرنگ ڈیسک) عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر شریف نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف ائیر ایمبولینس کے ذریعے امریکی دارالحکومت واشنگٹن جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے علیل اداکار عمر شریف کو امریکا لے جانے کے لیے ائیر ایمبولینس کا بندوبست کردیا۔ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب نےاس سلسلے میں یقین دہانی کرائی ہے جب کہ وفاقی حکومت ویزے کے حصول میں عمر شریف کی مدد کرے گی۔
لیجنڈاداکار عمر شریف کے بیٹے جواد نے ان تمام افراد کا شکریہ اداکیا ہے جو ان کے والد کے لیے دعاگوہیں۔ جوادکا کہناتھاکہ وہ امریکی رکن کانگریس شیلاجیکسن کے بھی شکرگزارہیں جووالد کی صحت کےبارے میں فکر مند ہیں۔
گزشتہ روز کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی عمر شریف کی عیادت کی تھی اور وفاقی حکومت کی جانب سے ان کے علاج کے لیے بورڈ تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
خیال رہے اداکار عمر شریف کی طبیعت گزشتہ کچھ عرصے سے ناساز ہے۔ ان کے بیٹے جواد عمر کے مطابق عمر شریف دِل کے عارضے میں مبتلا ہیں جن کا علاج جاری ہے۔