(مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ کراچی کے دوران زندگی ٹرسٹ کے تحت چلنے والے اسکول کا بھی دورہ کیا،اس موقع پر ملیحہ سے بھی ملاقات کی جوکہ اب اسی اسکول میں طالبات کو شطرنج سکھاتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 2018 میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےغیر سرکاری تنظیم زندگی ٹرسٹ کے تحت چلنے والے مختلف سرکاری اسکولوں کے طلباء وطالبات سے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی تھی۔اور اس دوران ایک لڑکی کے ساتھ شطرنج بھی کھیلی تھی۔
خیال رہے کہ آرمی چیف کے ساتھ شطرنج کھیلنے والی طالبہ اب خود اپنے اسکول میں شطرنج کی ٹیچر کی ذمہ داریاں نبھارہی ہیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے دورہ کراچی کے دوران زندگی ٹرسٹ کے تحت چلنے والے اسکول کا بھی دورہ کیا۔ملیحہ اب اپنے اسکول ایس ایم بی فاطمہ جناح میں ہی ٹیچنگ کررہی ہیں اور طالبات کو شطرنج سکھاتی ہیں ، اس کے ساتھ ہی اپنی تعلیم بھی جاری رکھی ہوئی ہے۔
ملیحہ نے کہا کہ شطرنج بنیادی طور پر ایک جنگی کھیل ہے، آرمی چیف کے ساتھ شطرنج کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، آرمی چیف کے ساتھ شطرنج کھیل کر میری دلچسپی میں اور اضافہ ہوا اور آرمی چیف نے بھی میرا حوصلہ بڑھایا۔
ملیحہ کا کہنا تھا کہ شطرنج ذہن کا کھیل ہے جو کہ ذہنی صحت کے لیے اہم ہے، اس سے تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے، ایسے میں جب نجی اسکول بھی اس کھیل پر توجہ نہیں دیتے، ایک سرکاری سکول میں اس کی کلاسیں ہونا منفرد بات ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کو دہشتگردوں کی آماجگاہ نہ بننے کا وعدہ کرنے تک پاکستان طالبان حکومت کو تسلیم نہ کرے،بلنکن