(24نیوز)وفاقی کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی ہے جبکہ وفاقی وزیر اطلاعا ت ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ 14 اگست کو ایف بی آر کی ویب سائٹ کی ہیکنگ کی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں ، زیادہ تر ایف بی آر کا ڈیٹا محفوظ رہا ہے،حکومت ایک ڈیٹا پروٹیکشن کمپنی کی خدمات حاصل کر رہی ہے جو ایف بی آر کے ڈیٹا کی سیکیورٹی کو بہتر بنائیں گے۔
منگل کووفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایاکہ کابینہ اجلاس کو وزات سائنس و ٹیکنالوجی نے بریفنگ دی،الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں اگلے سال سے 5جی ٹیکنالوجی لانچ کر دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا عزم ہے کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی مواصلات کا نظام رائج کیا جائے،ملک میں انصاف کے نظام کو بہتر کرنا وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم فاو¿نڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔۔انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر امین الحق نے کابینہ کو بتایا ہے کہ رواں سال پاکستان کی ویب سائٹس پر دس لاکھ سائبر حملے ہوئے ہیں جبکہ اس سے قبل بین الاقوامی اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ بھارت نے اسرائیلی کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستان کے اہم موبائل فونز کے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کی تھی۔فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ نے پی ٹی اے کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں ٹیلی کام سروس کو بہتر بنایا جائے۔فوجداری نظام میں اصلاحات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے وزارت قانون کی جانب سے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ کرمنل اصلاحات آئندہ دو سالوں میں بہت اہم حیثیت رکھیں گی۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کا کرمنل قوانین میں اصلاحات، موجودہ امور میں بہت بڑی تبدیلی لائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس میں ٹرائلز میں تاخیر، انصاف میں تاخیر، ایف آئی آر کے اندراج وغیرہ جیسے معاملات کا احاطہ کیا گیا ہے، اب یہ کابینہ کمیٹی برائے قانون میں اس پر بحث کیا جائے گا اور پھر اسے نافذ کردیا جائے گا۔ارکان پارلیمنٹ میں تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے تجویز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کابینہ نے چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ کی بنیادی تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈ ہاک ریلیف الاو¿نس کی تجویز مسترد کردی ہے،یہ اس سادگی مہم کا حصہ ہے جسے وزیر اعظم عمران خان نے حکومت میں آنے کے پہلے روز سے ہی نافذ کردیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ آٹو سیکٹر میں مقامی پیداوار کو فروغ اور موجودہ ٹیرف نظام میں پیش آنے والی دشواریوں کو دور کرنے کے لیے ٹیرف پالیسی بورڈ کی سفارشات پر ایس آر او جاری کرتے ہوئے ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی (اے سی ڈی) کی شرح 7 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کردی جائے۔انہوں نے کہاکہ اس کے ساتھ ہیوی کمرشل وہیکل پر بھی اے سی ڈی کی شرح 7 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کردی جائے۔فواد چوہدری نے کہا کہ قائد اعظم فاو¿نڈیشن ایکٹ 2021 کے مجوزہ مسودے کی کابینہ نے منظوری دی گئی ہے، کورونا صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ویئر ہاؤس میں موجود اشیا پر 30 ستمبر تک سامان اٹھانے پر سرچارج نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے دیامیر بھاشا ڈیولپمنٹ کمپنی کی تنظیم نو کی منظوری دی گئی ہے، اس میں وزیر اعظم کے دفتر کی جگہ وزارت منصوبہ بندی کے نمائندے کو شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں اسٹیل مل کے حوالے سے کیے گئے فیصلے میں ترمیم کی اجازت دی گئی ہے۔
وفاق وزیر نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات کے 2 اگست 2021 اور 2 ستمبر 2021 کے اجلاس میں فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 9 ستمبر 2021 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں میں توثیق کی گئی ہے،گندم کی خریداری میں تاخیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اس پر واضح احکامات کے باوجود تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر گندم کے اجرا کے لیے اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ جلد گندم اور آٹے کی قیمت میں بتدریج کمی آئے گی۔فواد چو دھری نے کہا کہ کابینہ نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان پروازوں کے لیے پی آئی اے اور کرغزستان کی کمپنی کو اجازت دی ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ایس او اور پاک ایل این جی کی جانب سے ایل این جی کی درآمد میں پیپرا قوانین کے مطابق دی گئی مدت میں کمی کی منظوری دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ارمینا خان کی فلم 2عالمی فلم فیسٹیولز کیلئے منتخب