وزیراعظم کا سیلاب متاثرین سے اگست، ستمبر کے بجلی بل نہ لینے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف کا سیلاب متاثرین سے اگست اور ستمبر کے بجلی بل نہ لینے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نےکہا کہ 300 بجلی یونٹ استعمال کرنیوالوں سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز نہیں لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست قابل سماعت قرار
وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ صحبت پورہ کے علاقے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہر آنکھ اشکبار ہے، پوری قوم متحد ہو کر سیلاب تباہ کاریوں کا مقابلہ کر رہی ہے، سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقے صحبت پورہ کا دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو چیف سیکرٹری بلوچستان نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میڈیکل کیمپس میں 4 لاکھ سے زائد افراد کو طبی امداد دی گئی، سیلاب سے صحبت پورہ میں ایک لاکھ 90 ہزار گھر تباہ ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی کہ بحالی کے کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے، سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں کے لئے افرادی قوت بڑھائیں، سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض پھیل رہے ہیں، وبائی امراض کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے، سیلاب زدہ علاقوں سے پانی نکالنے کا کام تیز کیا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس وافر فنڈز ہیں، مزید چاہئیں تو بتا دیں، امدادی کام نہیں رکنا چاہیے، 2 لاکھ 50 ہزار مچھر دانیاں سیلاب متاثرین کو دی گئیں ہیں، ترکیہ سے آنے والے خیمے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کو دیئے جائینگے۔