مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست قابل سماعت قرار

Sep 14, 2022 | 11:41:AM
لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست قابل سماعت قرار دے دی۔ عدالت نے نیب سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ درخواست میں اٹھائے گئے سوالات غور طلب ہیں، مخالف فریقین کا موقف سننا لازم ہے
کیپشن: لیگی رہنما مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست قابل سماعت قرار دے دی۔ عدالت نے نیب سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ درخواست میں اٹھائے گئے سوالات غور طلب ہیں، مخالف فریقین کا موقف سننا لازم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان ملک میں فتنہ و فساد برپا کرنا چاہتے ہیں: میاں جاوید لطیف

 چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے مریم نواز کی پاسپورٹ کے حصول کے لیے متفرق درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس طارق سلیم شیخ 3 رکنی بنچ کا حصہ ہیں۔ مریم نواز کی جانب سے امجد پرویز ایڈووکیٹ، نیب کے پراسیکیوٹر سید فیصل رضا بخاری، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ چوہدری شوگر ملز کی انکوائری 2018 میں شروع کی گئی، مریم نواز کو اس میں گرفتار کیا گیا، مریم نواز کی ضمانت بعد از گرفتاری لاہور ہائیکورٹ نے منظور کی، مریم نے ضمانت کے لیے 7 کروڑ روپے اور پاسپورٹ عدالت عالیہ میں جمع کرایا۔

امجد پرویز نے موقف اپنایا کہ الزام سات کروڑ کا تھا اس لیے اتنی رقم انہوں نے جمع کرائی، چار سال ہو گیے ہیں، کوئی ریفرنس دائر نہیں ہوا، مریم نواز کو ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کی استدعا ہے، لیگی رہنما کو جب سزا ہوئی تو وہ پاکستان واپس آ گئیں، رقم کا جمع کرانا سائلہ کی نیک نیتی ظاہر کرتا ہے، اس لیے عدالت پاسپورٹ جمع رکھنے والی شرط ختم کر دے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلد ریفرنس کی سزا مشروط طور پر معطل کی گئی ہے ؟ جس پر وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغیر کسی شرط کے سزا میرٹ پر معطل کر رکھی ہے، عدالت نے مریم نواز کا نام ای سی ایل یا بیرون ملک نقل و حرکت پر کوئی قدغن نہیں لگائی،  مریم نواز کا نام ای سی ایل میں نہیں ہے، 4 سال بعد مریم عدالت کے دروازے پر آئی ہیں۔