دہشتگردی مقدمے میں عمران خان شامل تفتیش، جے آئی ٹی سوالات پر کیا جوابات دیئے؟ 

Sep 14, 2022 | 21:20:PM

(24 نیوز)خاتون جج اور آئی جی ،ڈی آئی جی کو دھمکیوں پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان دہشتگردی مقدمے میں شامل تفتیش ہو گئے ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے عمران خان سے بیس منٹ تک تفتیش کی،پولیس جے آئی ٹی کے سوالات پر عمران خان نے کیا کہا؟ تفصیلات سامنے آگئیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس جے آئی ٹی نے دوران تفتیش عمران خان سے پوچھا کہ کیا یہ درست ہے کے آپ نے تقریر میں کہا آئی جی ڈی آئی جی شرم کرو، زیبا چوہدری آپ پر ہم ایکشن لیں گے ؟اس کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ ہاں میں نے بولا ہے ایسا۔
دوران تفتیش عمران خان سے سوال کیاگیا کہ کیا آپکو علم ہے آپکی اس تقریر کے بعد افسران کے ماتحت فورس میں خوف پیدا ہوا ؟،جس کے جواب میں عمران خان نے کہاکہ نہیں میرا مطلب ڈرانا خوف پھیلانا نہیں تھا ، چیئرمین پی ٹی آئی سے مزید پوچھا گیا کہ آپکی تقریر اور مقدمے کے بعد کیس کے تفتیشی افسر کو ڈرایا جا رہا ہے، عمران خان نے کہاکہ نہیں یہ بات میرے علم میں نہیں ہے ۔
دوران تفتیش سوال کیاگیا کہ شہباز گل کیس زیر سماعت ہے اسکا فیصلہ آنا باقی ہے ، چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ جی میرے علم میں ہے ،ذرائع کے مطابق پولیس جے آئی ٹی نے کہاکہ آپکے یہ بیانات دہشتگردی کے زمرے میں آتے ہیں ، عمران خان نے کہاکہ میرا مقصد یہ نہیں تھا ،پولیس نے عمران خان کا بیان ریکارڈ کرکے تفتیش کا حصہ بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب تحقیقات ،شہزاد اکبر نے اسلام آبادہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

مزیدخبریں