تاریخ میں پہلی بار 5 پاکستانی حسینائیں ’’مس یونیورس‘‘ مقابلےمیں شامل

Sep 14, 2023 | 11:03:AM

(24نیوز) دنیا میں طویل عرصے سے جاری  مقابلہ حسن کے ٹائٹل’’ مس یونیورس‘‘ کے لئے تاریخ میں پہلی بار پاکستان کی نمائندگی ہوگی۔ مقابلے میں 5 پاکستانی حسینائیں حصہ لیں گی ۔ 

پاکستان نے بھلے عوام کو غربت سے نکالنے کیلئے اتنی محنت کی ہو یا نہ کی ہوں۔ بجلی ،گیس کی لوڈشیڈنگ پر قابو پایا ہو یا نہ پایا ہو۔ چوری چکاری،لائن آف آرڈر کی صورتحال میں بہتری لائی ہو یا نہ لائی لیکن ایک اعزاز ضرور پاکستان کے حصے میں آگیا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار کوئی پاکستانی خاتون مس ورلڈ کے مقابلوں میں شریک ہو گی۔ 

 پہلی مرتبہ مس یونیورس پاکستان کے فائنلسٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ مس یونیورس پاکستان 2023 کے لیے ٹاپ 5فائنلسٹ میں کراچی سے24 سالہ ایریکا رابن،لاہور سے24 سالہ حرا انعام ،راولپنڈی سے28سالہ جیسکا ولسن،امریکی نژاد پاکستانی ریاست پنسلوانیا سے 19سالہ ملیکہ علوی اور پنجاب سے26سالہ سبرینا وسیم شامل ہیں۔

منتظمین کے مطابق پانچوں مقابلہ کرنے والوں کو دنیا بھر سے 200 سے زیادہ درخواست دہندگان کے ایک پول سے منتخب کیا گیا ہے ،انہوں نے مالدیپ میں ایک فوٹو شوٹ میں بھی حصہ لیا۔

 فلپائنی ڈیزائنر فرن ون کے ملبوسات زیب تن کیے ،آج ان پانچوں میں سے ایک کوفاتح کا تاج پہنایا جائے گا، جو اس سال ایل سلواڈور میں منعقد ہونے والے عالمی مس یونیورس مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔ 

مزید پڑھیں:  صدر مملکت نے الیکشن کی تاریخ دے دی، کیا اس تاریخ پر الیکشن ہوپائیں گے؟

مس یونیورس پاکستان کے نیشنل ڈائریکٹر جوش یوگن نے کہا،اپنی نوعیت کے سب سے بڑے مقابلے کی تاریخ میں پہلی بار، ایک بااختیار عورت پاکستان کا نام اپنے دل میں لے جائے گی۔ 

مس یونیورس بحرین کے ساتھ یوگن گروپ نے ووٹنگ ایپ چوائسلی کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ شائقین کو اپنے پسندیدہ امیدواروں کو آگے بڑھانے میں مدد کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔mupakistan.choicely.com پر سب سے زیادہ ووٹ لینے والے مدمقابل کو پرفیکٹ 10 اسکور دیا جائے گا، جسے ججز کے فائنل اسکور میں شامل کر دیا جائے گا۔

 ووٹنگ بدھ کی شام 7 بجے تک جاری رہے گی۔تاجپوشی جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق شام 7 بجے ہے اور مس یونیورس کے یوٹیوب چینل پر دکھائی جائے گی۔

 60سے زیادہ ممالک نے پہلے ہی مس یونیورس 2023 کے لیے اپنے نمائندوں کا نام دے دیا ہے۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے ایونٹ کا اختتام 18 نومبر کو ایک شاندار فائنل میں ہوگا، جب امریکا سے موجودہ ٹائٹل ہولڈر اربانی نولا گیبریل اپنے جانشین کا تاج پہنائیں گی۔

مس یونیورس پاکستان کے منتظمین نے مارچ میں اعلان کیا تھا کہ یہ ایک رئیلٹی شو طرز کا مقابلہ ہوگا جسے کئی اقساط میں تقسیم کرکے آن لائن نشر کیا جائے گا۔

دبئی کی کمپنی یوگین گروپ نے اعلان کیا تھا کہ اس نے مس یونیورس پاکستان کے حقوق حاصل کر لیے ہیں، اور وہ دنیا میں سب سے طویل عرصے تک چلنے والے اور سب سے زیادہ دیکھے جانے والے خوبصورتی کے مقابلوں میں سے ایک مس یونیورس میں پہلی پاکستانی نمائندہ بھیجنے کی ذمہ دار ہوگی۔مس یونیورس پاکستان کے لیے درخواستیں 4 مارچ کو 18 سے 28 سال کی تمام پاکستانی خواتین کے لیے کھول دی گئیں تھیں۔

پاکستانی خواتین کا اس مقابلے میں حصہ لینا خوش آئند ہے لیکن کیا یہ دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق ہے۔ کیا یہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی روایات کے مطابق ٹھیک ہے۔ کیا ہمارا مذہب اس طرح کی ایونٹ کی اجازت دیتا ہے؟یہ وہ سوالات جو حل طلب ہیں.

مزیدخبریں