(ویب ڈیسک )ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، شکست کے بعد پاکستان کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا۔
بارش سے متاثرہ اس میچ میں پاکستان کا دیا گیا 252 رنز کا ہدف سری لنکا نے آخری اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا۔ایونٹ کے فائنل میں اتوار کو سری لنکا کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔
ایشیا کپ کے ناک آؤٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والا میچ بارش کی وجہ سے 42 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے ٹاس ہونا تھا لیکن کولمبو میں مسلسل بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، تاہم بارش رکنے کے بعدٹاس ہوا جس میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ کے سپر 4 کے اہم میچ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان گزشتہ شب کیا تھاجس میں 5 تبدیلیاں سامنے آئی تھیں۔
محمد حارث، سعود شکیل، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان کو سری لنکا کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جبکہ فخر زمان، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف ٹیم میں شامل نہیں تھے۔
تاہم ٹاس کے موقع پرکپتان بابر اعظم نے کہا کہ سعود شکیل اور امام الحق پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ان کی جگہ فخرزمان اور عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
سعود شکیل کو بخار اور امام الحق کمر میں تکلیف کی وجہ سےآج کا میچ نہیں کھیل رہے۔سری لنکا کے خلاف میچ کے لیے ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، شاہین آفریدی، عبداللہ شفیق، محمد رضوان،افتخار احمد، محمد حارث، فخر زمان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور زمان خان شامل ہیں۔