لاہور میں تیز بارش ،اور کہاں کہاں ہوگی؟ ہائی الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(توقیر اکرم)صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیز بارش،ملک دیگر علاقوں میں کب ہوگی؟کب تک جاری رہے گی؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی جبکہ پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔
شہر لاہور میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے بعد ٹاؤن شپ کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ ٹاؤن شپ پیکو روڈمیں طوفانی بارش کے بعد سڑکوں پر پانی شہریوں کیلئے پریشانی بن گیا۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے احتیاطی تدابیراختیار نہ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہونے کے امکانات ہیں۔16سے 18ستمبر کے دوران جنوبی پنجاب کے اضلاع بارشوں کی زد میں آسکتے ہیں۔ 17سے 19ستمبر کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں ندی نالوں میں پانی کے بہاومیں تیزی کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 15 سے 20 ستمبر کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات سمیت پنجاب کے اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے، اس دوران راولپنڈی، اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
16 سے 18 ستمبر کے دوران کرم، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کرک، وزیرستان اور جنوبی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے جبکہ 16 سے 18 ستمبر کو راجن پور، موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات، خضدار، میرپور خاص، تھرپارکر، خیرپور، عمر کوٹ میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: نگران وزیراعلیٰ کا 2900 نرسز کو ایک سال میں ٹریننگ دینے کا اعلان
دوسری جانب 17 سے 19 ستمبر کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر، گلیات، چترال، ایبٹ آباد، راولپنڈی، اسلام آباد میں ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے جبکہ موسلادھار بارشوں کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، مانسہرہ میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ بارشوں کے باعث حالیہ گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے جبکہ آندھی تیز ہواؤں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر سولر پینل کو نقصان پہنچنے کے خدشے کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ضلعی انتظامیہ ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ادارے کا اولین فریضہ ہے، باہمی تعاون سے قدرتی آفات میں ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کر سکتے ہیں۔