(24نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں آئینی ترمیمی بل ملک کیلئے خطرناک ہوگا، حکومت سپریم کورٹ میں اپنے مرضی کے ججز لگانا چاہتی ہے اور اس کے لیے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔
لاہور میں حافظ نعیم الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو اس معاملے کو نہیں چھیڑنا چاہیے کیوں کہ موجودہ حالات میں بل ملک کے لیے خطرناک ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے تو سپریم کورٹ اور حکومت کے معاملات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بھی ججھک ہوتی تھی لیکن اب کھلم کھلا اس پر بات ہوتی ہے کہ کچھ ججز حکومت کے ساتھ ہیں اور کچھ اپوزیشن کے ساتھ ہیں، جب اس حد تک بات آگے چلی جائے تو ملک کے عدالتی نظام پر کس کا اعتبار رہے گا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہورہاہے، امید کرتا ہوں چیف جسٹس ایکسٹینشن میں عدم دلچسپی کا اظہار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجا کے بیان پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتاہوں،حکومت مرضی کی ترمیم کیلئے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔