(ویب ڈیسک)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نےپی ٹی آئی کے رہنما شعیب شاہین کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
اے ٹی سی کے ڈیوٹی جج طاہر عباس سِپرا نے شعیب شاہین کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی،عدالت نے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں شعیب شاہین کی ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی ہے۔
ڈیوٹی جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ پراسیکیوٹر راجا نوید نہیں آئے، سماعت ایک دن بعد ہو جائے گی،وکیل صفائی نے کہا کہ ایم این ایز سب جیل میں ہیں، مگر شعیب شاہین اور دیگر ورکرز تو جیل میں ہیں، مقدمے میں پولیس اہلکار کو مارنے کا ذکر ہے مگر ساتھ میڈیکل سرٹیفکیٹ موجود نہیں، شعیب شاہین پر پستول کا الزام ہے مگر برآمدگی ایک ڈنڈے کی ہوئی۔
ڈیوٹی جج طاہر عباس سِپرا نے سوال کیا کہ ڈنڈے کی ریکوری کہاں لکھی ہوئی ہے؟،وکیل صفائی نے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں تفتیشی افسر نے بتایا شعیب شاہین سے ڈنڈا ملا۔
جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ ڈیوٹی جج صرف ارجنٹ نوعیت کا ہی مقدمہ سن سکتا ہے، کوشش ہوگی شعیب شاہین کی درخواستِ ضمانت پر آج ہی فیصلہ کروں۔
جس کے بعد عدالت نے شعیب شاہین کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی۔