اہداف مکمل کرلئے۔۔۔ جوبائیڈن کا افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کااعلان

Apr 15, 2021 | 00:11:AM

(24 نیوز)امریکی صدر نے افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کااعلان کردیا،جوبائیڈن کاکہناہے کہ افغانستان سے یکم مئی سے امریکی فوج کاانخلا شروع ہوگا،11 ستمبر تک افغانستان سے تمام امریکی فوجی نکل جائیں گے ۔
امریکی صدر نے کہاکہ افغان امن مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں ،افغان امن مذاکرات میں پاکستان کے کردارکوتسلیم کرلیاگیا،افغان امن مذاکرات میں پاکستان روس چین کا کردار اہم ہے ۔
جوبائیڈن کاکہناہے کہ میں چوتھاامریکی صدر ہوں جس کے دور میں فوج افغانستان میں ہے ،یہ ذمہ داری اب پانچویں صدرکو نہیں سونپوں گا ، امریکی صدر نے کہاکہ وقت آگیا ہے امریکا کی سب سے طویل جنگ کاخاتمہ کیا جائے ،اسامہ مر چکا ہے افغانستان میں اپنے اہداف مکمل کرلئے ہیں ،افغانستان میں رہنے کی وجوہات واضح نہیں رہیں ۔
جوبائیڈن نے کہاکہ فوجیوں کی واپسی کے دوران طالبان نے حملے کئے تودفاع کریں گے ،دہشتگردوں کے خطرے سے نظریں نہیں ہٹائی جائیں گی ،امریکی صدر نے کہاکہ یقین دہانی کرائی گئی افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہو گی ،طالبان اورافغان حکومت نے امریکا کو یقین دہانی کرائی ہے ۔
امریکی صدر نے کہاکہ سفارتی اور انسانی خدمت کے کام افغانستان میں جاری رہیں گے ،افغانستان میں امریکی فوج کی غیر معینہ مدت تک موجودگی کا جواز نہیں ،ان کاکہناتھا کہ افغانستان میں ابتک 2488 امریکی فوج جان قربان کرچکے ہیں ،جوبائیڈن کاکہناہے کہ ہمیں آئندہ 20 سالوں کی جنگ لڑنی ہے گزشتہ 20 سالوں کی نہیں ،افغانستان کی مدد کیلئے پاکستان کو مزید اقدامات کرنا ہوں گے ۔

مزیدخبریں