پنجاب میں بادل برس پڑے،ٹھنڈی ہوائیں ، سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل جم کر برس پڑے، جس سے موسم خوشگوار اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ اگلے تین سے چار روز تک جاری رہے گا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی ميں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ بارش شروع ہوتے ہی کئی فيڈرز بھی ٹرپ کر گئے،آئیسکوریجن کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ لاہور، منڈی بہاء الدين، گجرات، اٹک، چکوال، کماليہ ميں بھی کہيں ہلکی تو کہيں تيز بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم اگلے 24 گھنٹے تک موجود رہے گا،جبکہ تین سے چار روز تک بارشوں کا امکان ہے اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بھی ژالہ باری اور شدید بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، پنجاب، بالائی سندھ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب پنجاب ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ سندھ اور جنوبی بلوچستان میں گرم رہا۔ تاہم دیر اور مری میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔