فطرہ  کی گندم کے حساب سے  کم سےکم رقم 140 روپے مقرر

Apr 15, 2021 | 13:12:PM

(24 نیوز) مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمان نے صدقہ فطر اور فدیہ کا اعلان کردیا ہے۔فطرہ اور فدیہ کی کم ازکم مقدار چکی کے 2 کلو آٹا کے حساب سے رقم 140 روپے مقرر کی گئی ہے۔ گندم کے حساب سے یہ فطرہ کی کم سے کم رقم ہے۔ اسی طرح کفارہ قسم 1400 ہے، جب کہ کفارہ اور فدیہ صوم 60 مسکینوں کو کھانا کھلانا ہے۔ اس حساب سے رقم 8400 روپے فی روزہ بنتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمان کے مطابق اہل ثروت اپنی مالی حیثیت کے مطابق فدیہ ادا کریں۔ فطرے کا تعین چکی کے آٹے کی 2 کلو قیمت سے کیا گیا ہے، جو کے حساب سے فطرے کا نصاب 320، کھجور سے 960 روپے ہے۔کشمش سے فطرے کا نصاب 1920 اور پنیر سے 3450 روپے ہے۔مفتی منیب الرحمان نےکہا ہے کہ جو لوگ روزہ نہیں رکھ سکتے ، وہ تیس روزوں کا فدیہ چکی کا آٹا 8400 روپے ،جو 19200 روپے ، کھجور 57600روپے ، کشمش 115200روپے ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ جن حضرات کو اللہ نے رزق میں کشادگی عطاکی ہے اور وافر دولت سے نوازا ہے ، وہ اپنی مالی حیثیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے جَو ،کھجور ،کشمش یا پنیر کے حساب سے فطرہ ، فدیہ اور کفار ہ اداکریں ۔

 اس کے علاوہ فقہ جعفریہ کی جانب سے فطرہ کی رقم مختص کردی گئی ہے۔ مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی کے مطابق فطرہ امسال گندم (آٹا) احتیاطاً 220 روپے، چاول احتیاطاً 650 روپے ہوگا۔ فطرہ شب عید تک اغلب غذا کا فی فرد 3 کلو ، مقدار یا اس کی رقم کا تعین کرنا ضروری ہے۔ فطرہ گندم (آٹا ) ، چاول، جو، کھجور اور کشمش وغیرہ میں سے کسی ایک پر نکالا جا سکتا ہے۔صدقۂ فطر جسے فطرانہ یا فطرہ بھی کہتے ہیں، اسے بدنی زکوٰۃ بھی قرار دیا گیا ہے جو صاحب استطاعت افراد کی جانب سے رمضان المبارک میں نماز عید الفطر سے قبل مستحق افراد کو دینا واجب ہے۔فرض روزہ کسی بھی وجہ سے توڑ دینے پر کفارۂ صوم یعنی روزے کا کفارہ ادا کرنا لازم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  ایسا بھی ممکن ہے ۔۔اب کورونا ویکسین بھی چوری ہونی لگی۔۔۔!   

مزیدخبریں