(24نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے اے لیول، او لیول امتحانات لینے سے متعلق درخواست پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو نوٹس جاری کردیئے۔
سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو اے لیول، او لیول امتحانات لینے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ دنیا بھر میں امتحانات آن لائن لئے جا رہے ہیں۔ پاکستان واحد ملک ہے جہاں امتحانات کے لئے بلایا جا رہا ہے۔ 26 اپریل کو امتحانات ہیں، حکومت پالیسی وضع کرے۔ کورونا صورتحال کے باعث امتحان کے لیے اکٹھا کرنا خطرناک ہوگا۔ کیمرج کے وکیل نے موقف دیا کہ اے لیول، او لیول امتحانات صوبائی معاملہ ہے۔
درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کورونا سے متعلق بیشتر پالیسی وفاقی حکومت طے کر رہی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے وفاقی وزیر تعلیم کے بیانات تو آرہے ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم اس امتحانات سے متعلق بھی پالیسی بتائیں۔ عدالت نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے بتایا جائے اے لیول، او لیول امتحانات سے متعلق کیا پالیسی ہے؟ بتایا جائے آن لائن امتحانات لینے نہ لینے سے کیا اثر پڑے گا۔ بعدازاں عدالت نے اے لیول، او لیول امتحانات سے متعلق وفاقی حکومت سے پالیسی طلب کرتے ہوئے 21 اپریل کے لیے سماعت ملتوی کردی۔