(24 نیوز) انڈین پریمئیر لیگ کی پانچ مرتبہ کی چمپیئن ممبئی انڈینز نے حالیہ جاری آئی پی ایل سیزن میں شاندار واپسی کی ہے ۔ ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو دلچسپ مقابلہ میں 10رنزسے ہرادیا ۔
بھارتی نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سیزن کے دونوں مقابلے میں ممبئی انڈینز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو ہرایا تھا ۔ ممبئی کو موجودہ سیزن کے پہلے میچ میں آر سی بی سے دو وکٹ سے ہار ملی تھی ۔ ممبئی نے پہلے کھیلتے ہوئے 152 رن بنائے ، جس کے جواب میں کولکتہ کی ٹیم 142 رن ہی بناسکی ۔کولکتہ کو آخری 30 گیندوں میں 31 رن بنانے تھے اور چھ وکٹ بچے ہوئے تھے ، اس کے بعد بھی کولکتہ ٹیم میچ نہیں جیت سکی ۔ہدف کا تعاقب کرنے والی کولکتہ کی ٹیم کو نتیش رانا ( 57) اور شبھمن گل (33) نے شاندار شروعات دلائی ۔ دونوں نے پہلی وکٹ کیلئے ساڑھے آٹھ اوورز میں 72 رن بنا ڈالے ۔ حالانکہ اس کے بعد راہل ترپاٹھی (5) اور کپتان مورگن (7) بڑی اننگز نہیں کھیل سکے ۔ اس درمیان نتیش بھی آوٹ ہوگئے ۔ چاروں وکٹ لیگ اسپنر راہل چاہر کو لے ۔ نتیش نے لگاتار دوسرے میچ میں نصف سنچری بنائی ۔ شکیب الحسن (9) کو کرونا پانڈیا نے آوٹ کیا ۔اس کے بعد میچ برابری پر آگیا ۔ کرونال نے اپنی ہی گیند پر رسل کا صفر پر کیچ چھوڑ دیا ۔ بمراہ نے 18 ویں اوور میں 5 رنز پر رسل کا ایک کیچ اور چھوڑا ۔ گیند باز کرونال ہی تھے ۔ آخری دو اوور میں کولکاتہ کو جیت کیلئے 19 رنز بنانے تھے ۔19 ویں اوور میں بمراہ نے صرف 4رنز دئیے ۔ آخری اوور میں 15 رنز بنانے تھے لیکن بولٹ نے صرف چار رنز دئیے اور دو وکٹ لئے ۔ کے کے آر 7 وکٹ پر 142 رن ہی بناسکی ۔
قبل ازیں کولکتہ کے کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا ۔ ٹیم نے اننگز کے پہلے پانچ اوورس یعنی پاور پلے کے پانچ اوورز سپن بالروں سے کروائے ۔ دوسرے ہی اوور میں لیگ سپنر ورون چکرورتی نے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کاک کو آؤٹ کرکے بڑی کامیابی دلائی ۔ ٹیم پہلے چھ اوورز میں صرف 42 رن ہی بناسکی ۔ روہت شرما (43) اور سوریہ کمار یادو (56) نے دوسری وکٹ کیلئے 76 رنز کی شراکت داری کرکے اننگز کو سبھالا ۔ممبئی کا اسکور ایک وقت پر تین وکٹ پر 115 رن تھا ۔ اس کے بعد ٹیم نے اگلے 11 رنز بنانے میں چار وکٹ گنوا دئیے ۔ روہت ، ہاردک پانڈیا (15) ، کائرن پولارڈ ( 5) اور مارکو جینسن (صفر) پر آوٹ ہوگئے ۔ اس کے بعد لگ رہا تھا کہ ٹیم جلد ہی آؤٹ ہو جائے گی ، لیکن کرونال پانڈیا نے 15 رن بناکر ٹیم کے اسکور کو 150 کے پار پہنچایا ۔ ممبئی انڈینز کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 152 رن بناکر آوٹ ہوگئی ۔
یہ بھی پڑھیں:ایسا بھی ممکن ہے ۔۔اب کورونا ویکسین بھی چوری ہونی لگی۔۔۔!