ایران ایٹم بم بنانا نہیں چاہتا، صدرحسن روحانی کی وضاحت۔۔سعودی عرب کی تردید

Apr 15, 2021 | 18:28:PM

  (24نیوز )ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاہے کہ ایران ایٹم بم نہیں بنانا چاہتا، ایرانی جوہری پروگرام پرامن ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے تہران سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں یہ بات کہی ۔انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ایران کے یورینیئم کی افزودگی بڑھانے پر امریکا اور یورپ کا اظہارِتشویش ان کی غلطی ہے۔
 ادھرسعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے ایران کے جوہری پروگرام کے ضمن میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایران نے یورینیم کو 60 فی صد تک افزودہ کرنے کا اعلان کیا ہے،اس کی بنا پر یہ نہیں کیا جاسکتا کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے وزارت خارجہ کا ایک بیان جاری کیا ،اس میں مملکت کی جانب سے ایران پر زوردیا گیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کو بڑھاوا دینے سے گریز کرے اور ایسے اقدامات نہیں کرے جس سے خطے کی سلامتی اور استحکام ہی داﺅ پر لگ جائیں۔ایران اپنے جوہری پروگرام کے پرامن مقاصد کے لیے استعمال سے متعلق مذاکرات کرے۔وہ جوہری توانائی کے عالمی ادارے کے تحت اپنے پروگرام کو اس انداز میں چلائے کہ اس سے خطے اور دنیا بھر میں سلامتی اور استحکام کے مقاصد کو حاصل کیا جاسکے اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو بھی پھیلنے سے روکا جاسکے۔
سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ ایک ایسے طویل المیعاد سمجھوتے سے اتفاق کرے جس سے ایران کے جوہری پروگرام کی نگرانی اور کنٹرول کو مضبوط بنایا جاسکے اور اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ایران جوہری بم ہتھیار حاصل کرسکے اور نہ اس کے لیے درکار صلاحیتیں پیدا کرسکے۔اس ضمن میں خطے کے ممالک کی ایران کی کشیدگی کو مہمیز دینے اور علاقائی امن وسلامتی کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے اقدامات سے متعلق تشویش کو بھی دور کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں۔نیازی صاحب ہمت ہے توجاتی امرا کو گرا کر دکھائو ،مسلم لیگ ن

مزیدخبریں