(24 نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک سیاسی جماعت ہے، اس پر پابندی لگانے کا فیصلہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک سیاسی جماعت ہے، اس پر پابندی لگانے کا فیصلہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کا ہے۔انہوں نے کہا کہ احتیاط کرنا ہو گی، چنگاری کو آگ میں نہیں بدلنا چاہئے، تشدد کا راستہ اپنانے سے ہماری ہی عوام کا نقصان ہورہا ہے، ایسا راستہ اپنانا چاہئے جس سے واضح پیغام جائے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ٹی ایل پی کو کہا کہ ڈائریکشن طے کرلیتے ہیں حتمی فیصلہ اسمبلی کرے گی، میں نہیں سمجھتا کہ صورتحال ہاتھ سے نکلی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ایسا کام ہو جس سے قوم مطمئن بھی ہو۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں سب اپنے اپنے مفاد کیلئے کھیلے، پی ڈی ایم میں سب سے زیادہ فائدہ مولانا فضل الرحمان کو ملا جن کی اسمبلی میں موجودگی نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے سے پہلے سب چیزوں کو آسان سمجھتا تھا، ہر ادارے، ہر چیز میں مافیا ہے جنھیں کنٹرول کرنا ہو گا، 2018 تک یہ مافیا آگے جا رہے تھے ہم نے کنٹرول کرنا شروع کیا، جہانگیر ترین کی پی ٹی آئی سے مخالفت نہیں، وہ شفاف تحقیقات چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ناموس رسالتﷺ کے معاملے پر قوم میں کوئی دو رائے نہیں، دنیا میں اسلامو فوبیا کے خلاف سب سے موثر آواز اٹھانے والا عمران خان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کلرکوں نے دما دم مست قلندر کا اعلان کر دیا