امریکی وزیر خارجہ کو لکھے خط کو عمران کی حمایت کے طور پر نہ دیکھا جائے:بریڈ شرمین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)امریکی کانگریس کے رکن بریڈ شرمین نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو لکھے گئے میرے خط کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی حمایت کے طور پر نہ دیکھا جائے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس کے رکن بریڈ شرمین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے فون پر بتایا کہ وہ امریکا مخالف نہیں ہیں، فون کال کے دوران عمران خان نے کہا وہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں،ان کا کہنا تھا پاکستان میں سپریم کورٹ نے الیکشن کرانےکا فیصلہ اسی وقت جاری کیا تھاجب میری اور عمران خان کی بات ہوئی۔
سماجی ویب سائٹس پر لوگ کہہ رہے ہیں امریکی وزیر خارجہ بلنکن کو میرا خط عمران خان کی حمایت میں ہے، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو لکھے میرے خط کو عمران خان کی حمایت کے طور پر نہ دیکھا جائے، بریڈ شرمین کا کہنا تھا عمران خان نے اپنی حکومت گرانے کا الزام امریکا پر عائد کیا تھا، میں نے عمران خان کے مؤقف پر تنقید کی تھی، مجھے لگتا ہے یہ سچ نہیں ہے، عمران خان نے اپنے الزام کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔