پنجاب سیاحوں کی میزبانی کیلئے مکمل طور پر تیار ہے: مریم نواز

Stay tuned with 24 News HD Android App

( 24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب سیاحوں کی میزبانی کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، ای سی او کے معزز مہمانوں کی موجودگی ہمارے لئے باعثِ اعزاز ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن کے 25 رکنی وفد نے ملاقات کی، وفد میں تاجکستان، ازبکستان، ترکیہ، ایران اور پاکستان کے سی ایم او میں مستقل مندوب شامل تھے، وفد کی سربراہی ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان نے کی۔
مریم نواز نے وفد کی لاہور آمد پر پرتپاک خیر مقدم کیا، سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے شرکاء کو بریفنگ دی، وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کو ای سی او کیپٹل قرار دینے میں معاونت پر ترکمانستان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ای سی او کے معزز مہمانوں کی موجودگی ہمارے لئے باعثِ اعزاز ہے، قدیم اور جدید ثقافت کے شہر لاہور سے محبت ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی ذاتی نگرانی میں لاہور کی ثقافتی بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آئی فون امریکہ کے بجائے چین میں کیوں بنائے جاتے ہیں؟ دلچسپ وجہ جانیے
انہوں نے کہا کہ لاہور صرف ایک شہر نہیں بلکہ زندہ تاریخ کا میوزیم ہے، لاہور کی گلیوں میں تہذیب کی خوشبو ہے، شہر کے آثار قدیمہ ماضی کی عظمت کے گواہ ہیں، لاہور کے لوگ پیار اور محبت کے پیکر ہیں، لاہوریوں کی میزبانی بے مثال ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ لاہور کے باغات شاہی قلعے اور یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج سائٹس اس کی شان و شوکت کا ثبوت ہیں، لاہور نہ صرف تاریخ کا محافظ ہے بلکہ ذائقوں کا مرکز بھی ہے، پنجاب سیاحوں کی میزبانی کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، ٹورازم سیکٹر کو ایک نئی صنعت کے طور پرفروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نہ صرف لاہور بلکہ پورے صوبے میں سیاحتی مقامات کو اپ گریڈ کر رہی ہے، ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن کے وفد نے لاہور کی خوبصورتی، ثقافتی بحالی اور سیاحت کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا، وفد کے شرکا نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو شاندار خطاطی کا نمونہ اور دیگر یادگاری سوونیئر پیش کئے۔