شاہ محمود قریشی سے برطانوی وزیر خارجہ کا رابطہ، افغانستان کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال

Aug 15, 2021 | 20:20:PM

(24 نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ،دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے برطانوی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں امن و استحکام کا پاکستان سے زیادہ کوئی اور ملک خواہاں نہیں ہو سکتا،افغان فریقین کے بے لچک رویوں سے موجودہ صورتحال پیدا ہوئی،افغان سکیورٹی فورسز ریت کی دیوار ثابت ہوئیں جس پر عالمی برادری حیران ہے،افغانستان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغان رہنما امن اور مفاہمتی عمل کیلئے عالمی برادری کی حمایت کا فائدہ اٹھائیں ، عالمی برادری کا افغان رہنماﺅں کے ساتھ رابطہ استوار رکھنا انتہائی ناگزیر ہے،ان کاکہناتھا کہ مذاکرات کے ذریعے پرامن تصفیہ کے سوا اگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں ،امن اور مفاہمت کی راہ اپنانے کیلئے تمام فریقین پر زور دیتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان کی تیزی سے بدلتی صورتحال ، افغان سیاسی قیادت کا اہم وفد پاکستان پہنچ گیا
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان میں خانہ جنگی کا ایک نیا دور شروع ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے ،افغانستان کے اندر اور باہر سے خرابی پیدا کرنے والوں سے خبردار رہنا نہایت ضروری ہے، خرابی پیدا کرنے والے عناصر صورتحال کو اپنے فائدے میں استعمال کرسکتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ افغان امن عمل کیلئے پاکستان کے کردار کا بڑے پیمانے پر اعتراف کیاگیا،پاکستان افغانستان میں خانہ جنگی کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر ہو سکتا ہے،ان کاکہناتھا کہ سفر سے متعلق”ریڈلسٹ“سے بھارت کا نام نکالنے کے برطانوی فیصلے پر تشویش ہے، پاکستان کا نام فہرست میں برقرار رکھنے سے دوہری شہریت رکھنے والوں کو مشکل کا سامنا ہے،امید ہے برطانوی حکومت پاکستان سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کرے گی ۔

یہ بھی پڑھیں: سابق صدر اشرف غنی افغانستان چھوڑ گئے: افغان میڈیا کا دعویٰ

مزیدخبریں