پا کستان کا پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے 168 رنز کا ہدف

Aug 15, 2021 | 21:31:PM

(24 نیوز)ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان کی ٹیم 203 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے اور ویسٹ انڈیز کو میچ میں فتح کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا ہے۔

کنگسٹن،جمیکا میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے 160 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان بابر اعظم 54 اور فہیم اشرف 12 رنز پر کھیل رہے تھے۔پاکستان کو دن کے آغاز میں ہی یکے بعد دیگرے دو بڑے دھچکے لگے اور فہیم اشرف کے بعد کپتان بابر اعظم گزشتہ روز کے اسکور میں صرف ایک رنز کے اضافے سے 55 رنز بنا کر چلتے بنے۔

یاسر شاہ کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ صرف چار رنز بنا سکے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کھاتا بھی نہ کھول سکے۔حسن علی نے چند بڑے شاٹس کھیل کر 2 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے لیکن وہ بھی جیڈن سیلز کی وکٹ بن گئے۔پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 203 رنز پر ڈھیر ہو اور آخری 5 وکٹیں صرف 43 رنز کے اضافے سے گریں۔

ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 55 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیماروچ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پہلی اننگز میں 36 رنز کے خسارے کے سبب پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا ہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس کے جواب میں کپتان کریگ بریتھ ویٹ کے 97 رنز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 253 رنز بنائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:اداکارہ لارا دتہ کا اکشے کمار سے متعلق اہم انکشاف

مزیدخبریں