بلوچستان میں بارشیں اور سیلابی ریلے سے تباہی،مزید 8 افراد جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی صورت حال کی وجہ سے تباہی کا سلسلہ جاری ,بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران جاری بارشوں اور سیلاب کے باعث مزید 8 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 196 جبکہ زخمیوں کی تعداد 81 ہو گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اتوار کو قلعہ عبداللہ سے ایک جبکہ موسیٰ خیل سے 7 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ صوبے میں ہلاک مویشوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوگئی ہے جبکہ 19 ہزار سے زائد مکانات متاثر ہو چکے ہیں, ڈیرہ بگٹی میں 3 افراد کے زخمی ہونے کے بعد زخمی ہونے والوں کی تعداد 81 ہو گئی ہے۔ کوہلو میں 10 مکانات مکمل اور 15 جزوی طور پر متاثر ہوئے جبکہ قلعہ عبداللہ میں 30 مکانات مکمل جبکہ 15 جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں .
اسی طرح ڈیرہ بگٹی میں بھی 5 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جس کے بعد صوبے میں سیلاب اور بارشوں کے باعث تباہ ہونے والے مکانات کی تعداد 19 ہزار 767 ہوگئی ہے، ان میں سے 5 ہزار 107 مکمل جبکہ 14 ہزار 660 جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب موسیٰ خیل میں اندرپوڑ ڈیم ٹوٹ گیا جس کے باعث سیلابی پانی دیہاتوں میں داخل ہو گیا,سیلابی ریلے کے باعث 2 بڑے پل بہنے سے موسیٰ خیل کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقع ہو گیا، پنجاب اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں موصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔
مزید اطلاعات کے مطابق کوہ سلیمان اور بلوچستان سے آنے والے سیلابی ریلے سے تونسہ کے 10 سے زائد دیہات زیرِ آب آگئے اور قبائلی علاقوں کا تونسہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔