ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھیں گے , نگران وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی ہے کہ ٹیکس محصولات میں اضافہ کیلئے اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے، پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر عملدرآمد میں مزید تیزی لائی جائے، صحت اور تعلیم کے شعبہ میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف وزارتوں کے اہم امور اور ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں اعلیٰ سرکاری افسران بشمول گورنر سٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پاور اور چیئرمین ایف بی آر نے شرکت کی۔
اجلاس کو ملکی معیشت میں استحکام اور مزید بہتری کیلئے اقدامات پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نگراں وزیرِاعظم نے ہر شعبے میں جاری اصلاحات پر مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیے: نگران وزیراعظم کی کابینہ میں کون کون ہوگا؟نام سامنے آگئے
انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھیں گے اور مزید اقتصادی بہتری لائیں گے، عوامی فلاحی منصوبے بلاتعطل جاری رہیں گے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات نگران حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات یقینی بنائی جائیں، پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کیا جائے، ٹیکس محصولات میں اضافہ کیلئے اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نگران حکومت معیشت کی بہتری کیلئے ڈی ریگولیشن اور ذمہ دار خودمختاری پر توجہ مرکوز کرے گی، نگران حکومت اپنی محدود مدت میں تمام تر توانائیاں معیشت کی اصلاح پر صرف کرے گی۔ نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو ملکی معاشی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔