صدر مملکت نے پیمرا ترمیمی بل 2023ء کی منظوری دیدی

Aug 15, 2023 | 19:26:PM

(اویس کیانی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی پیمرا (ترمیمی) بل 2023 ء کی منظوری دیدی۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت دی ہے جبکہ صدر مملکت  نے دستخط کیے بغیر 13 بلز واپس پارلیمنٹ وزیراعظم آفس کو  بھجوا دیے۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے کوڈ آف کرمنل پروسیجر ترمیمی بل واپس بھجوادیا، یہ بل پولیس کو بغیر وارنٹ گرفتاری کا اختیار دینے سے متعلق ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ عارف علوی نے  نیشل اسکلزیونیورسٹی ترمیمی بل، امپورٹ ایکسپورٹ ترمیمی بل اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل بھی واپس بھجوا دیا،صدر نے پاکستان انسٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی بل، صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کا بل بھی واپس بھجوایااور عارف علوی نے نیوزپیپرز،نیوزایجنسیزاینڈ بکس رجسٹریشن بل،ہورائزن یونیورسٹی بل بھی واپس بھجوادیا.

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن ترمیمی بل، وفاقی اردویونیورسٹی ترمیمی بل، این ایف سی انسٹی ٹیوٹ ملتان ترمیمی بل، نیشنل کمیشن برائے انسانی ترقی ترمیمی بل، قومی ادارہ برائے ٹیکنالوجی بل  اور ہورائزن یونیورسٹی بل بھی واپس ہونے والے بلوں میں شامل ہے۔

اس سے قبل صدر مملکت نے  پیمرا (ترمیمی) بل 2023 ء پر حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی،قبل ازیں صدر مملکت سے پی ایف یو جے، اے پی این ایس، پی بی اے، سی پی این ای اور ایمنڈ کے نمائندوں کی ملاقات ہوئی تھی،صدر مملکت نے ملاقات میں میڈیا ورکرز ، صحافی برادری کو پیمرا ترمیمی بل پر اپنی حمایت کا یقین دلایا اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ ، پیمرا قانون میں ترامیم متعارف کرانے  پر میڈیا برادری کی اجتماعی کوششوں کو سراہا اور  وفد کے ساتھ قانون سازی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کو الیکٹرانک میڈیا ملازمین کے واجبات کی ادائیگی سے جوڑنے سے ان کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی،ان کا کہنا تھا کہ ترمیمی بل موجودہ میڈیا قانون میں بہتری لایا ہے، میڈیا رضاکارانہ طور پر نوجوانوں کو فیک نیوز، ڈس انفارمیشن کے بارے میں آگاہ کرے،نوجوان فیک نیوز سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، بچوں کو خاص طور پر فیک نیوز کے مضمرات سے متعلق تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ میڈیا بالخصوص سینئر صحافی تعلیمی اداروں اور جامعات کے ساتھ روابط بڑھائیں، سینئر صحافی صحافت کے میدان میں ہونے والی نئی پیشرفت کے بارے میں طلباء کو آگاہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کے خریداروں کو بڑا جھٹکا،صرافہ بازار سے بڑی خبر آگئی

صدر مملکت نے معاشرے میں مکالمے اور خیالات کے آزادانہ تبادلے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ میڈیا کی نئی شکلوں بالخصوص سوشل میڈیا کی حرکیات کو سمجھنا چاہیے،ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو اخلاقیات، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ اور تعمیری استعمال کے بارے میں بتائے۔

وفد نے صدر مملکت کو نئے بل کی مختلف شقوں کے بارے میں بتایا، وفد اراکین نے کہا کہ ترمیمی بل سے صحافی برادری کے ساتھ ساتھ میڈیا ملازمین کو فائدہ پہنچے گا،وفد نے صدر مملکت کی جانب سے حمایت ، میڈیا کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں