(حسن علی)استحکام پاکستان پارٹی نے انتخابات میں کسی سیاسی جماعت سے الحاق کو خارج از امکان قرار دےدیا ،چیئرمین جہانگیرترین نے پارٹی رہنماﺅں کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عام انتخابات کیلئے سخت محنت کریں،جہاں کسی کو ضرورت ہو گی پارٹی مکمل مدد فراہم کرے گی،نیا پاکستان بنانا خواب تھا اس خواب کو ضرور پورا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں استحکام پاکستان پارٹی کی بڑی بیٹھک ہوئی، جس میں جہانگیر ترین و عبدالعلیم خان کی پارٹی رہنماﺅںسے مشاورت ہوئی، اجلاس میں بنیادی پارٹی پالیسی پر اتفاق رائے اورفیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی ناکامیاں سامنے لائیں گے۔
کرنل (ر)ہاشم ڈوگر بھی عشائیے میں شریک ہوئے اور استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا با ضابطہ اعلان کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ توانائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو فوکس کریں، بجلی کے بلوں کا ایشو بھی اٹھایا جائے، پارٹی مشاورت مقامی ہوٹل میں عشائیے میں کی گئی،جس کے جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان میزبان تھے،جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے پارٹی کے نامزد ہونے والے ڈویژنل صدور اور دیگر عہدیداران کو مبارکباددی۔
چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی جہانگیرترین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک وقوم کے مفاد میں خود کو پیچھے اور پارٹی کو آگے رکھیں گے،پارٹی رہنماﺅں کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کیلئے سخت محنت کریں،جہاں کسی کو ضرورت ہو گی پارٹی مکمل مدد فراہم کرے گی،نیا پاکستان بنانا خواب تھا اس خواب کو ضرور پورا کریں گے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کسی سیاسی جماعت سے الحاق کو خارج از امکان قرار دے دیا ، علیم خان کا کہناتھا کہ واضح کرتا ہوں کہ پارٹی ہر حلقے سے خود الیکشن میں حصہ لے گی، دونوں حکومتیں آج ہونے والی تباہی و بربادی کی برابر کی ذمہ دار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صدر عارف علوی نے اہم سمری پر دستخط کردیئے، بڑی خوشخبری آگئی
صدر آئی پی پی نے کہاکہ صارفین کو تین سو یونٹ اور چھوٹے کسانوں کو ٹیوب ویل کی بجلی مفت دیں گے،کسی اور کو اہل کروا نے کیلئے جہانگیر ترین نے خود کو نااہل کراکر قربانی دی،عمران خان کی بدنصیبی تھی کہ اس نے جہانگیر ترین کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھایا،علیم خان کا کہناتھا کہ جس جس نے نیکی کی عمران خان نے اس کو ضرور ڈسا،اب مکافات عمل ہورہا ہے۔
جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان کے علاوہ عمران اسماعیل،سردار تنویر الیاس اور اسحاق خاکوانی اجلاس میں شریک ہوئے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،محمود مولوی،غازی غلاب جمال،عون چودھری اورنعمان لنگڑیال بھی شریک ہوئے،ان کے علاوہ فیاض الحسن چوہان،نوریز شکور،شعیب صدیقی،میاں خالد محمود اور چوہدری ظہیر اور سعید نوانی نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول سے پہلے عوام پر ایک اور بم گرا دیا گیا