پارلیمنٹ کے ملازمین و افسران کے بیرون ممالک سیاسی پناہ لینے کا انکشاف
ویزا کے حصول کیلئے تعارفی خط کے اجراپر پابندی عائد ، سینیٹ سیکرٹریٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کیلئےویزاگائیڈ لائنز تبدیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) پارلیمنٹ کے ملازمین و افسران کے بیرون ممالک سیاسی پناہ لینے کا انکشاف ہوا ہے،دفتر خارجہ کے نوٹ وربل اور ویزا نوٹ کے غلط استعمال سے سیاسی پناہ لی جا رہی ہے،قومی اسمبلی اور سینیٹ افسران کے اہلخانہ کو ویزا کے حصول کیلئے تعارفی خط کے اجراپر پابندی عائد کر دی گئی ہے، دفتر خارجہ نے سینیٹ سیکرٹریٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کیلئےویزاگائیڈ لائنز تبدیل کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کے آفیشل اور نجی دوروں پر ساتھ جانے والے نجی پاسپورٹ کے حامل فیملی ممبرز کو تعارفی خط کا اجراء بیان حلفی سے مشروط کر دیا گیا ہے، بیان حلفی میں لکھا جاے گا کہ دفتر خارجہ کے اس وربل نوٹ کا غلط استعمال نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ کے جوائنٹ سیکرٹری حیدر علی کے اہل خانہ کا مبینہ طور پر مغربی یورپی ملک پناہ لینے کا انکشاف ہوا ہے، دفتر خارجہ کے جاری شدہ نوٹ وربل اور تعارقی خط کو مبینہ طور پر استعمال کیا گیا ہے، اس واقعہ کی بنا پر دفتر خارجہ کے ویزا نوٹ گائیڈ لائنز میں تبدیلی کی گئی ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی منظوری کے بعد نئی ویز انوٹ گائیڈ لائنز کا فوری اطلاق کردیا گیا ہے، سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے سیکرٹری سینیٹ اور سیکرٹری قومی اسمبلی کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے۔
ضرورپڑھیں:جنرل(ر)فیض حمید اور عمران خان کے درمیان رابطہ کار تینوں فوجی افسران کے نام سامنے آگئے
خط میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ ہولڈرز کو پرائیویٹ دوروں کے لیے نوٹ وربل جاری کرنے کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کو بیان حلفی جمع کرانا ہوگا کہ ان کے خط پر ویزہ حاصل کرنے والے اس ملک جاکر پناہ نہیں لیں گے، انڈرٹیکنگ دینا ہوگی کہ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری تعارفی خط کا غلط استعمال نہیں ہوگا، قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے افسران کے خاندان کے افراد کو تعارفی خط جاری نہیں کیا جائے گا۔
خط کا متن تھا کہ ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ ہولڈرز کو ان کے آفیشل دوروں کے لیے سینیٹ یا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے باضابطہ درخواست موصول ہونے کے بعد نوٹ وربل جاری کیا جائے گا, ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ ہولڈرز کو ان کے پرائیویٹ دوروں کے لیے سینیٹ یا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے باضابطہ درخواست موصول ہونے کے بعد تعارفی نوٹ جاری کیا جائے گا, نوٹ وربل ، تعارفی نوٹ اور تعارفی خطوط لکھنے کے لیے ان پالیسی گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔