سندھ کابینہ کی کراچی کے مختلف اضلاع میں سولر پارک قائم کرنیکی منظوری

Aug 15, 2024 | 18:11:PM

(24 نیوز) وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ آج ہونے والے اجلاس میں سندھ کابینہ نے کراچی کے مختلف اضلاع میں سولر پارک قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

شہر قائد کراچی میں وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کابینہ کا آج اہم اجلاس ہوا، مانجھند کے لئے سولر پارک کی منظوری دی، ضلع سینٹرل میں سولر پارک کی منظوری دیدی، سیپرا قائم کرنے کی سندھ کابینہ نے منظوری دے دی، کابینہ کے جتنے فیصلے تھے بجلی کے بحران سے عوام کو نکالنے کے لئے کیے، ملیر میں بھی سولر پارک کے لئے زمین کی منظوری دے دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  بجلی کے بحران میں یہ منصوبے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے، کل صدر مملکت نے بھی کہا کہ بجلی کے شعبے میں عوام کو رلیف دیں، صدر نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت بھی کی ہیں، صدر مملکت کہتے ہیں کہ ہر حال میں عوام کو رلیف دیا جائے، تھر کے کوئلے سے بھی سندھ کابینہ نے اہم فیصلے کیے ہیں۔

جنرل فیض حمید اور اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی گرفتاریوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ جو گرفتاریاں ہوئی ہیں ان گرفتاریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، گزشتہ روز ایک جنرل کی گرفتاری کے بعد مزید گرفتاریاں کی گئی ہیں، 9 مئی کے واقعات ہوں یا دیگر واقعات ان میں لوگ ملوث تھے، حالیہ گرفتاریوں سے ثابت ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ سہولت کار شامل تھے،  سانحہ 9 مئی تک بھی ان گرفتاریوں کے تانے بانے ملتے ہیں، ایک ٹرائکا چاہتا تھا کہ ملک میں عدم استحکام ہو۔

سانحہ 9 مئی پر مزید بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ساز ش کے تحت 9 مئی کا واقعہ ہوا ہے، یہ سہولت کار بھی سازش میں شریک تھے، ایک اور سہولت کار شامل تھا، وہ سہولت کار پی ٹی آئی کو عدالتوں کے ذریعے رلیف دلاتا رہا، اس سہولت کار نے اہم عہدے پر رہ کر پی ٹی آئی کے مخالفوں کو نشانہ بنایا، وہ بدنام زمانہ شخص تھا جس نے پی پی کے رہنماؤں کو گرفتار کروایا، بہت سارے لوگ ثاقب نثار کے انتقام کا نشانہ بنے، آج بھی وہ شخص پی ٹی آئی کے لئے مینجمنٹ کر رہا ہے۔

ملکی ساخت کو نقصان پہنچانے والوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ خدا کی لاٹھی بے آواز ہے، آج وہ سب لوگ قانون کے شکنجے میں آ رہے ہیں، وہ لوگ جو 9 مئی میں ملوث تھے، ان سب کے سہولت کار تھے، تمام سہولت کار بھی شکنجے میں آئیں گے، سارے لوگ آہستہ آہستہ بے نقاب ہوں گے، پی پی کی لیڈرشپ پر الزامات لگائے گئے، آئینی حکومت گرائی گئی پھر بھی انہوں نے کسی کو نہیں کہا کہ کسی پر حملہ کرو۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وہ لوگ جو معصوم لوگوں کے ایمبولنسز جلا رہے تھے وہ اکیلے نہیں تھے، ان کے سہولتکار تھے، دھیرے دھیرے ان کے چہروں سے نقاب اٹھ رہا ہے، لوگ آہستہ آہستہ بے نقاب ہو رہے ہیں، سب کے لئے پیغام ہے کہ پاکستان سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے، کوئی بھی شخص جو براہ راست یا بالواسطہ 9 مئی میں ملوث ہے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، اطلاعات آرہی ہیں کہ ثاقب نثار بھی بانی پی ٹی آئی سہولتکاری کرتے رہے، سپریم کورٹ کے جج کے طور پر اس شخص نے جنگل قانون بنایا ہوا تھا، کوئی بھی شخص ملوث ہے تو اس کو قانون کی شکنجے میں لایا جائے، کسی کو معاف نہیں کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: جنرل(ر)فیض حمید اور عمران خان کے درمیان رابطہ کار تینوں فوجی افسران کے نام سامنے آگئے

سندھ سرکار کی کارگردگی پر بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اچھی طرح کام کر رہی ہے, ڈاکوؤں اور سٹریٹ کرمنلز کے خلاف اچھا کام ہو رہا ہے، مخدوم جمیل الزمان کے پاس کسی کا نام ہے تو واضح کرے ، سندھ حکومت آج بھی سب سے سستی بجلی فراہم کر رہی ہے، تھر کی بجلی سے پاکستان کو فاعدہ ہو رہا ہے، کوئلے کی بجلی سب سے سستی فراہم کرتے ہیں، مخدوم جمیل الزمان کے لئے احترام ہے، اس کے بیانات کو لیڈر شپ لیول پر دیکھا جائے گا۔

مزیدخبریں