(وقاص عظیم)وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزہ فاطمہ نے کہاہے کہ انٹرنیٹ کے سست ہونے کی شکایات آئی ہیں،انٹر نیٹ کبھی بھی سست نہیں ہونا چاہیے،ہم 5 جی کی نیلامی کی کوششوں میں ہیں، ڈیجیٹل اکانومی اور ڈیجیٹل حکومت کا انحصار انٹرنیٹ کی اچھی سپیڈ پر ہے۔
وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی اے سے گزشتہ دو ہفتوں کا ڈیٹا مانگا ہے، ڈیٹا ٹریفک دیکھ کر انٹرنیٹ سپیڈ کا پتہ چلے گا،واٹس ایپ ڈاؤن ہونے کی شکایات دور کردی گئی ہیں ۔
شزہ فاطمہ کا کہناتھا کہ دنیا میں تمام ممالک فائروال استعمال کر رہے ہیں،پہلے بھی ویب مینجمنٹ سسٹم حکومت چلا رہی تھی،ملک پر انٹرنیشنل سائیبر سکیورٹی اٹیکس ہورہے ہیں، سائبر سکیورٹی حملے بڑھتے جارہے ہیں،ریاست کو ضرورت ہے کہ سائبر سکیورٹی حملوں کو روک سکے۔