انٹر نیٹ سست روی اور فائر وال پر ایف پی سی سی آئی کے شدید تحفظات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اشرف خان)ملک بھر میں انٹر نیٹ کی سست روی اور فائر وال کے نفاذ پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس(ایف پی سی سی آئی )نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کنوینر آئی ٹی کمیٹی برائے ایف پی سی سی آئی خوشنود آفتاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز میں آئی ٹی صنعت کو 30 کروڑ ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا ہے ، عجلت میں نافذ کیے گئے قومی فائر وال کے تباہ کن اثرات ہونگے ،پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری میں بہتری آنا شروع ہوئی تھی ،اب شدید آپریشنل رکاوٹوں کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر جا رہی ہے،انتہائی سست یا غیر موجود انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کا سامنا ہے،یہ آئی ٹی صنعت کی بقا پر براہ راست اور جارحانہ حملہ ہیں،مالی نقصانات پہلے ہی 30 کروڑ ڈالر تک بڑھ چکے ہیں۔
خوشنود آفتاب کا مزید کہنا تھاکہ اس سے بھی زیادہ نقصان کے امکانات کے ساتھ صورت حال سنگین ہے،آفتاب نے حکومت کی جانب سے شفافیت کی کمی اور آئی ٹی انڈسٹری سے مشاورت کرنے میں ناکامی کی مذمت کی، بین الاقوامی کلائنٹس میں گہرا عدم اعتماد پیدا کر دیا ہے ، عالمی ٹیکنالوجی کے مرکز کے طور پر پاکستان کی حیثیت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا،خوشنود آفتاب نے
پی ٹی اے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس تباہ کن راستے کو واپس لینے کے لیے فوری، فیصلہ کن کارروائی کریں،ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندے، کاروباری رہنما اور متعلقہ حکومتی سٹیک ہولڈرز شامل ہوں، تاکہ مشترکہ طور پر سائبر سیکیورٹی فریم ورک تیار کیا جا سکے ،جو آئی ٹی انڈسٹری کا گلا گھونٹے بغیر قومی مفادات کا تحفظ کرے۔