(ویب ڈیسک)شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان طلاق ہوگئی ہے، جس کی تصدیق معروف ٹی وی میزبان مدیحہ نقوی نے اپنے مارننگ شو کے دوران کی۔
آغا علی اور حنا الطاف نے سال 2020 میں کورونا کے دنوں میں لاک ڈاؤن کے دوران سادگی سے شادی کی تھی، تاہم دو سال بعد میں دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آنی شروع ہوگئیں۔اگرچہ جوڑے نے اپریل 2022 میں ان افواہوں کی سختی سے تردید کی تھی، تاہم افواہیں گرم تھیں کہ دونوں اب ساتھ نہیں ہیں اور ان کی طلاق ہوچکی ہے۔
سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز اور ونیزہ احمد نے حال ہی میں مدیحہ نقوی کے نجی ٹی وی پر پیش ہونے والے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں دونوں اداکاراؤں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
شو میں ایک سیگمنٹ کے دوران شگفتہ اعجاز اور ونیزہ احمد کو پاکستان کے چند مشہور اداکاروں کی تصاویر دی گئیں جس میں انہیں تصاویر دیکھے بغیر اداکار کے کام اور مقبولیت سے اس کا درست نام بتانا تھا۔اس سیگمنٹ میں شگفتہ اعجاز کے ہاتھ میں اداکار آغا علی کی تصویر آئی تو اس کا رُخ مدیحہ نقوی اور ونیزہ احمد کی جانب تھا، تاہم شگفتہ اعجاز کو معلوم نہیں تھا کہ اُن کے ہاتھ میں کس اداکار کی تصویر ہے۔شو کی میزبان مدیحہ نقوی اور ونیزہ احمد نے آغا علی کا نام لیے بغیر اُن کے کام اور اُن کی شخصیت سے متعلق چند باتیں کہیں جن کی مدد سے شگفتہ اعجاز کو پہچاننا تھا کہ اُن کے ہاتھ میں کس اداکار کی تصویر ہے۔
مدیحہ نقوی نے شگفتہ اعجاز سے کہا کہ آپ کے ہاتھ میں جس اداکار کی تصویر ہے ان کا تعلق لاہور سے ہے، ان کے والد بھی مشہور اداکار تھے جبکہ ان کے ماموں بھی سینئر اداکار ہیں، ان کے بڑے بھائی عدنان صدیقی کے شو ”تماشہ گھر“ کا حصہ تھے جبکہ ان کی شادی پاکستانی ڈراموں کی ایک مقبول اداکارہ سے ہوئی تھی جس کے بعد دونوں میاں بیوی نے ایک ساتھ شو کی میزبانی بھی کی تھی۔
میزبان مدیحہ نقوی نے اس موقع پر کہا کہ بدقسمتی سے ان کی اپنی اہلیہ و اداکارہ (حنا الطاف) سے علیحدگی ہوچکی ہے، دونوں نے ابھی تک دوسری شادی نہیں کی اور فی الحال دونوں ہی سنگل لائف گزار رہے ہیں، شوبز انڈسٹری میں انہیں غصے والا اداکار کہا جاتا ہے۔یہ سب سُننے کے بعد بھی شگفتہ اعجاز اس اداکارکو نہیں پہچان سکیں اور ہار مانتے ہوئے تصویر دیکھی تو کہا کہ یہ تو آغا علی ہیں۔ مدیحہ نقوی کی تصدیق کے بعد آغا علی اور حنا الطاف کے مداح کافی مایوس ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی قیمتوں میں 30 فیصد تک کمی کا اعلان متوقع ہے، اہم رہنما نے بڑا دعویٰ کر دیا