(24 نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما حماد اظہر نے پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے استعفیٰ منظور نہ کرنے پر ردعمل دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق حماد اظہر نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے ٹویٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں آپ کے مجھ پر اعتماد کا مشکور ہوں لیکن میرا یہ فیصلہ پختہ ہے،ایسے حالات میں مزید ذمہ داری جاری نہیں رکھ سکتا،جہاں میرے پاس کوئی اختیار نہیں لیکن مکمل ذمہ داری ہے،ایسے پیغام رساں کے ذریعے گزارہ مشکل ہے، جب تک کہ پارٹی کے سربراہ تک خود رسائی نہ ہو۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حماد اظہر نے یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دیا تھا کہ میں پی ٹی آئی پنجاب کے صدر پر ذمہ داری ادا کر رہا ہوں لیکن پنجاب میں بہت سے معاملات میری مرضی اور علم کے بغیر ہی سر انجام دیے جا رہے ہیں یہاں تک کہ مجھے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی ، جس پر سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ان کا استعفیٰ یہ کہہ کر منظور کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ حماد اظہر کی پارٹی اور بانی پی ٹی آئی کیلئے بہت خدمات ہیں اس لیے ان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا جا سکتا۔