بھارت : تنخواہ نہ ملنےپر  آئی فون فیکٹری ملازمین کا  ہنگامہ، گاڑیاں جلا دیں

Dec 15, 2020 | 10:41:AM

(24 نیوز) بھارت کے شہر بنگلور میں4 مہینوں سے تنخواہ نہ ملنےکے خلاف آئی فون کی فیکٹری کے ملازمین کا صبر جواب دے گیا ، امریکی موبائل برانڈ آئی فون کی فیکٹری کے سینکڑوں ملازمین نے4 ماہ سے تنخواہیں نہ دینے کے باوجود اضافی کام لینے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق احتجاج کے دوران مشتعل ملازمین نے فیکٹری کی حدود میں کھڑی متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کردیا  اور مظاہرین نے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی اور شیشے اور دیگر سامان توڑ دیا۔واقعے کے بعد فیکٹری انتظامیہ نے پولیس طلب کرلی گئی جس نے 150 سے زائد افراد  کو موقع پر گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فیکٹری میں 15 ہزار ملازمین  ہیں جو کنٹریکٹ پر کام کرتے ہیں۔سینکڑوں لوگوں نے سینئر ایگزیکٹو افسران کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی اور راڈ سے فرنیچر، اسمبلی یونٹ اور شیشوں کے پینل اور دروازوں کو توڑ دیا۔

اس حوالے سے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہےکہ وہ واقعے کی تحقیقات کررہی ہے اور معاملےکا جائزہ لینے کے لیے خصوصی آڈیٹرز کو بھیجاگیا ہے۔دوسری جانب ریاست کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی ہے کہ معاملہ بات چیت سے حل کر لیا جائےگا ، انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کے بقایا جات ادا کرنے کے ساتھ ان کے حقوق کا خیال رکھا جائےگا۔

مزیدخبریں