(24نیوز)لاہور،اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں دھند نے ڈیرے ڈاال لئے۔ تاہم کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری ہوئی۔پہاڑوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔موٹروے اور اہم شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم ہے، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے لگی۔ حکام نے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائی ہوئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا۔ کالام میں 8 ملی میٹر بارش اور 4 انچ برف باری بھی ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں ٹھنڈ کا راج ہے۔کم سے کم درجہ حرارت 4 جب کہ زیادہ سے زیادہ 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، موسم کا حال بتانے والوں نے پیش گوئی کی ہے کہ راولپنڈی، اسلام آباد سمیت خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ شمالی علاقہ جات اور شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد رہے گا۔