انتقال کی جھوٹی خبروں پر  معروف اداکار نے خاموشی توڑ دی

Dec 15, 2022 | 18:09:PM

(ویب ڈیسک )پاکستان کے معروف اداکار  اسلم شیخ نے اپنے انتتقال کی خبر کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی خبروں نے انہیں اور اہلخانہ کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے اسلم شیخ کا کہنا ہے کہ میں ان جھوٹی خبریں پھیلانے والوں سے اپیل کرنا چاہوں گا کہ خدارا اس طرح جھوٹی خبریں پھیلا کر لوگوں کو اذیت میں مبتلا نہ کیا کریں۔

اسلم شیخ نے کہا ہے کہ ایسی جھوٹی خبروں سے سانحات بھی جنم لے سکتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ پنجاب میں اسلم شیخ نامی ایک اداکار تھے ان کی وفات ہوئی اور کسی نے میری تصویر کے ساتھ یہ خبر وائرل کردی کہ میرا انتقال ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سے دنیا بھر سے ان کے اور اہل خانہ کے پاس فون کالز آنے لگیں اور وہ جب سے اپنے زندہ ہونے کی گواہی دے رہے ہیں۔

اسلم شیخ کا  مزید کہنا ہے کہ اس پلیٹ فارم کے توسط سے دنیا کو یہ بتانا چاہ رہا ہوں کہ وہ زندہ اور صحت مند ہوں اور لوگ جھوٹی خبروں سے پریشانی کا شکار نہ ہوں اور مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

گزشتہ کئی دنوں سے اسلم شیخ سوشل میڈیا پر اپنے چاہنے والوں کو اپنے زندہ ہونے کا یقین بھی دلا رہے ہیں۔

پاکستان کے معروف ٹی وی و فلم کے اداکار اسلم شیخ جو اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے دنیا بھر میں جانے جاتے ہیں گزشتہ دنوں ان کے کسی مخالف نے ان کی وفات کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر وائرل کردی تھی۔

جھوٹی خبر وائرل ہونے کے بعد سے ان کو اور ان کے اہل خانہ کو دنیا بھر سے فون کالز کی بھرمار شروع ہوگئی ہے جس میں کچھ ان کی وفات پر تعزیت کررہے تھے جبکہ کچھ حقیقت جاننے کے لیے رابطہ کررہے تھے۔

لہٰذا اسلم شیخ نے خود سوشل میڈیا پر آکر اپنے زندہ ہونے کی گواہی دی اور جھوٹی خبر کی تردید کی لیکن خبر اتنی وائرل ہوگئی تھی کہ اس کے بعد اسلم شیخ کو میڈیا پر آنا پڑا اور اپنے زندہ ہونے کا یقین دلانا پڑا۔

مزیدخبریں