(24 نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کاکہناہے کہ عمران خان قبل از وقت الیکشن کی صورت میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتے،اپنی نشستوں پر ضمنی انتخابات جیتنے کو پاکستان بھر میں ان کی مقبولیت کے جھوٹے ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا۔
امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بلاول بھٹونے کہاکہ پاکستان اور امریکہ دو طرفہ تعلقات میں مثبت سمت کی جانب بڑھ رہے ہیں، دونوں ممالک وسیع البنیاد شراکت داری قائم کررہے ہیں، ہمیں انتہائی مشکل معاشی صورتحال، افراط زر، ایندھن کی قیمتوں کا سامنا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ماضی میں ہمارا تعاون دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تناظر میں بہت تنگ اور مخصوص تھا، پاکستان اور امریکہ بہت سے شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں، ہم ماحولیات اور صحت پر مل کر کام کررہے ہیں۔
ان کاکہناتھاکہ چین ہمارا پڑوسی ملک ہے، اس کے ساتھ ہماری ایک طویل تاریخ ہے ،پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی شعبہ سمیت دیگر شعبوں میں بہت تعاون ہے،امریکہ کے ساتھ ہمارا 1950 کی دہائی سے تاریخی رشتہ ہے، جب بھی امریکہ اور پاکستان نے مل کر کام کیا ہم نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ جب بھی پاکستان اور امریکہ کے درمیان کوئی فاصلہ پیدا ہوا ہم نے اس سے نقصان اٹھایا، ہم کسی بھی رعایتی توانائی کا تعاقب نہیں کررہے ہیں اور نہ ہی حاصل کر رہے ہیں، ہمیں انتہائی مشکل معاشی صورتحال اور ایندھن کی قیمتوں کا سامنا ہے،توانائی کے عدم تحفظ کے پیش نظر ہم مختلف راستے تلاش کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں روس سے جو بھی توانائی ملتی ہے اسے ترقی دینے میں کافی وقت لگے گا،عمران خان انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتے،ہم نے عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا، پہلا موقع ہے جب جمہوری آئینی طریقہ کار کے ذریعے کسی وزیر اعظم کو پارلیمنٹ سے ہٹایا گیا، سوشل میڈیا کے ذریعے عمران خان کی مقبولیت کے بارے میں ایک غلط تاثر پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی اڑھائی ماہ کی چھٹیوں کا اعلان