ہسپتال بہترین،ہمارا جو فرض ہے پورے کریں گے:نگران وزیراعلیٰ پنجاب

Dec 15, 2023 | 15:37:PM
 ہسپتال بہترین،ہمارا جو فرض ہے پورے کریں گے:نگران وزیراعلیٰ پنجاب
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی رامے) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کا شعبہ عبادت کا شعبہ ہے جس کے جتنی قدر کریں وہ کم ہے، تمام بڑے ہسپتالوں کی حالت بہترین کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہمارا جو فرض ہے ہم پورے کریں گے، بڑی امید ہے کہ ڈاکٹرز بھی اپنا فرض پورا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سید محسن نقوی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 43 ویں اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹرز کا پروفیشن عبادت کے مترادف ہے جتنی بھی قدر کی جائے کم ہے۔ دن رات کام کرنے والے ڈاکٹر، نرسیں اور پیرا میڈیکل سٹاف قابل تحسین ہیں، ڈاکٹر کو بیماری لگنے کا علم ہونے کے باوجود مریض کا علاج کرتا ہے، بلوچستان میں کانگو وائرس سے ڈاکٹر شہید ہوئے ہیں کیونکہ وہ مریضوں کا علاج کررہے تھے، ڈاکٹرز جان کی پروا کئے بغیر روزانہ ہزاروں قسم کے مریضوں کا علاج کرتے ہیں۔ 

انہوں نے اعلان کیا کہ 31جنوری تک ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن مکمل کرلیں گے، جنرل، سروسز، وکٹوریہ، ہولی فیملی اور دیگر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن میو ہسپتال کی طرز پر کی جارہی ہے، ہم مجموعی طور پر ہسپتالوں کے 6لاکھ مربع فٹ ایریا پر اپ گریڈیشن کا کام کررہے ہیں، طلبا کے ہاسٹل کی بری حالت تھی انہیں بھی اپ گریڈ کررہے ہیں، کام شروع ہوگیا ہے۔ نرسز کے ہاسٹل کی بری حالت تھی وہ بھی اپ گریڈ کرنے جارہے ہیں۔

 سید محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اونر شپ نہیں لیں گے تو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹ ضائع جائیں گے،ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ہمارا فرض ہے ہم پورا کررہے ہیں، کنگ ایڈورڈ پاکستان کے بہترین اداروں میں سے ایک ہے۔ کنگ ایڈورڈ سے منسلک ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جائے گا۔ کنگ ایڈورڈ سے منسلک تمام ہسپتال کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے جو کہ ایک دو ماہ میں مکمل ہوجائے گی۔ 

 سید محسن نقوی نے ڈاکٹروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ لوگ اپنی یونیورسٹی کے ہسپتالوں کی اونر شپ لیں گے کہ میں نے اس کا خیال رکھنا ہے تو 10سے 20سال بہتر حالت میں رہیں گے۔ ہمارا جو فرض ہے ہم پورے کریں گے، بڑی امید ہے کہ ڈاکٹرز بھی اپنا فرض پورا کریں گے۔ 

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پہنچے جہاں انہوں نے 13ویں سالانہ 5 روزہ انٹرنیشنل سائنٹیفک کانفرنس کا بطور مہمان خصوصی افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سرجیکل ٹاور ڈاکٹر فیصل مسعود کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ 

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے طلبہ اور اساتذہ کے اسٹالز کا بھی معائنہ کیا، وزیر اعلیٰ نے دماغ میں رسولی کی نشاندہی کرنے والا  برین ٹیومر ڈیٹیکٹر او سی ٹی پائی تھون کا معائنہ کیا، کنگ ایڈورڈ کے ڈاکٹرز کا تیار کردہ لیپروسکوپی سٹملیٹر دیکھا۔ 

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پلاسٹک سرجری مقامی طور پر تیارکردہ سرجیکل انسٹرومنٹ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سید محسن نقوی نے شاٹیکا پین کے لئے تیار کردہ خصوصی مشین کا بھی جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ سید محسن نقوی کو کنگ ایڈورڈ کے بیرون ملک فارغ التحصیل ڈاکٹرز نے ہزاروں ڈالر کی عطیات پیش کیں، کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے لئے ڈونیشن دینے والے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو شیلڈز بھی دی گئیں۔ 

وائس چانسلر  کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے طلبااور فیکلیٹی کی طرف سے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔