شادی کے بعد ظلم و زیادتی ہو تو عورت طلاق لے سکتی ہے، اشنا شاہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ اشنا شاہ نے اپنی والدہ سے متعلق حیران کن انکشافات کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اشنا شاہ نے یوٹیوب چینل کو انٹرویو میں نجی زندگی اور پاکستان میں دِکھائے جانے والے ڈراموں سے متعلق اظہارِ خیال کیا ،اداکارہ نے پاکستانی ڈراموں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے ان ڈراموں میں کام کرنے کا بہت دُکھ ہے جس میں شادی کے بعد خاتون کے ساتھ ظلم و ستم تو دکھایا جاتا ہے لیکن ڈرامے کے آخر میں یہ بھی دکھایا جاتا ہے کہ لڑکی سُسرال والوں کو معاف کردیتی ہے اور سب صحیح ہوجاتا ہے"۔
اشنا شاہ نے مزید کہا کہ "ہر دفعہ یہ دکھانا صحیح نہیں ہے، یہ کیوں نہیں دکھایا جاتا کہ لڑکی نے علیحدگی اختیار کرلی، شادی کے بعد طلاق کو اتنا برا کیوں سمجھا جاتا ہے"۔
اس وجہ پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "یہ چیز مجھے اس لیے ناپسند ہے کیونکہ میں بھی ایک طلاق یافتہ گھرانے سے تعلق رکھتی ہوں، میری والدہ سنگل پیرنٹ تھیں"۔
اپنی والدہ کی مشقت بھری زندگی سے متعلق اشنا شاہ نے کہا کہ "میری والدہ نے تین تین نوکریاں کرکے ہم بچوں کی پرورش کی ہے۔ میری والدہ نے اشتہاریات، ریڈیو، رائٹنگ سمیت کئی شعبوں میں کام کیا ہے۔ انہوں نے بہت محنت کی ہے لیکن اپنے لیے کچھ بھی نہیں کیا، انہوں نے ہمارے لیے بہت قربانیاں دی ہیں"۔
انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ"ڈراموں میں یہ دکھانا کہ گھر کسی صورت نہیں ٹوٹ سکتا سراسر غلط ہے"۔
خواتین کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ"ٹھیک ہے کہ طلاق اللہ کو ناپسند ہے لیکن جو حق اللہ نے عورت کو دیا ہے کہ جب اس کے ساتھ شادی شدہ زندگی میں ظلم و زیادتی ہو تہ وہ الگ ہوسکتی ہے"۔
خیال رہے کہ اداکارہ اشنا شاہ پاکستان کی بولڈ اداکارہ ہیں جو اکثرو بیشتر سوشل میڈیا پر ظلم و ستم سے متعلق اپنی آواز بُلند کرہتی رہتی ہیں،انہوں نے اب تک کئی ڈراموں میں اداکاری کی ہے، ان کی اداکاری کو ان کے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جاتا ہے۔