سردار مہتاب عباسی کا آئندہ الیکشن آزاد حیثیت میں لڑنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ارشاد قریشی)مسلم لیگ ن کے سابق رہنما اور سابق گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب عباسی نے آئندہ الیکشن آزاد حیثیت میں لڑنے کا اعلان کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سردارمہتاب عباسی نے کہاکہ موجودہ سیاسی جماعتیں سیاسی نہیں سیاسی فرقے بن چکے ہیں،ہم نے انکو سومنات کے بت بنا دیا اور انھیں پوجنا شروع کردیا ہے،ہم نے اپنی لیڈرشپ کو دیکھنا ہے سمجھنا ہے، بجلی اور گیس کے بل عوام کیلئے عذاب بن گئے ہیں،غریب کا کوئی پرسان حال نہیں یہ کھیل تماشا بند ہونا چاہئے۔
سابق لیگی رہنما نے کہاکہ آزادی اظہار رائے کے تحت ملک کو مضبوط بنانا ہوگا،پاکستان کو ہم نے فرقوں میں بانٹ دیا ہے، پارلیمنٹ اعلیٰ ظرف لوگوں پر مشتمل ہونی چاہئے،آج مسلم لیگ فدوی بن چکی ہے کل ہمارے جیسے لوگ تھے جو سر اٹھا کر چلتے تھے،آج لوگ کہتے ہیں ہمیں کسی اور نے جتوانا ہے۔
سابق گورنر خیبرپختونخوا نے کہاکہ سب مل کر بیٹھیں اور انتقامی کارروائی بند ہونی چاہئے،یہ نہیں ہونا چاہئے کہ ایک بار سزا دی جائے اور چار سال بعد وہ ختم کرکے دوسرے کو سزا دی جائے،جس کے خلاف کوئی قانونی کیس ہیں قانون کے مطابق کیسز چلانے چاہئے،ان کاکہناتھا کہ مسلم لیگ ن میں پہلے ہم نے بدعنوانی کا سنا بھی نہیں تھا،پچھلے سولہ ماہ کی کارکردگی میں مسلم لیگ ن نے بھی ہاتھ رنگے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بڑا کارنامہ عاطف اسلم نے دل جیت لئے