غیر ملکی میڈیا کو خیبر پختونخوا میں بلا کر گمراہ کن بریفنگ دی جا رہی،عطاء اللہ تارڑ
بھڑکیں مارنا ان کا وطیرہ، علی امین گنڈاپور کے الزامات جھوٹ اور فساد پر مبنی ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے الزامات کے حوالے سے قوم کو حقائق سے آگاہ کرنا ضروری ہے،ان کے الزامات جھوٹ اور فساد پر مبنی ہیں۔
میڈیا سےگفتگوکرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی میڈیا کو خیبر پختونخوا میں بلا کر گمراہ کن بریفنگ دی جا رہی ہے،حقائق عوام کے علم میں ہونے چاہئیں، شرپسندی اور ملک دشمنی کو کھل کر سامنے آنا چاہئے،بھڑکیں مارنے، دھمکیاں دینے اور الزامات لگانے کا سلسلہ ان کا وطیرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2014ءمیں انہوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا، قانون نافذ کرنے والے جوانوں کو نشانہ بنایا، یہ لوگوں کو تشدد پر اکسا کر دوڑ لگا کر بھاگ جاتے ہیں،علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگلی کال پرامن نہیں ہوگی،سوال یہ ہے کہ آپ کا اس سے پہلے کون سا احتجاج پرامن تھا؟
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ احتجاج اور دھرنوں کے سوا ان کا کوئی کام نہیں، آپ پہلے 1200 کی لاشوں کا جھوٹا بنایا، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلائیں، بشریٰ بی بی اپنے خطاب میں کارکنوں کو ورغلا رہی تھیں۔
علی امین اور بشریٰ بی بی اپنے کارکنوں کو ڈی چوک پر تنہاءچھوڑ کر کیوں بھاگے؟ آپ سیاسی، اخلاقی اور انتظامی طور پر ناکام ہیں، آپ صوبے کے معاملات سنبھالنے میں ناکام ہیں۔
آپ نے نو مئی کو جو کچھ کیا قوم کبھی نہیں بھولے گی، 9مئی کے ملزمان کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا، سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی والے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔